لہیہ// گورنر ستیہ پال ملک نے کل یہاں سندھو گھاٹ ، شے سمانلا میں ایک روزہ سندھو درشن فیسٹیول کی تقریبات کا افتتاح کیا ۔ عالمی سطح پر دریاؤں کی اہمیت اور اُن سے عظیم تہذیبوں کو ترقی حاصل ہونے پر روشنی ڈالتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ہماری اولین ذمہ داری آنے والی نسلوں کیلئے دریائوں کا تحفظ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر ایل کے ایڈوانی نے ہی سندھو درشن کی شروعات کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ عالمی سطح پر لوگوں کو لداخ کی عظیم تہذیب و تمدن کے ساتھ متعارف کرتا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ دریائے سندھو زمانہ قدیم سے کئی تہذیبوں کا گہوارا رہا ہے ۔ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی ایک کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندو کی بدولت کئی جنگ معطل کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو سندھو ہی سے نام ملا ہے اور ہماری قدیم تاریخ کی بنیاد انڈس تہذیب ہی تو ہے اس لئے ہم سب کو چاہئیے کہ ہم اس دریا کا احترام کریں ۔ گورنر نے لداخ کے لوگوں کی ایمانداری ، مہمان نوازی ، شریف النفس طبعیت کا مالک ہونے اور امن پسند شہری ہونے کیلئے اُن کی تعریف کی ۔ انہوں نے لداخ صوبے کی ترقیاتی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے اپنے عہد کو دوہرایا اور کہا کہ حال ہی میں لداخ کیلئے اعلیحدہ انتظامی ڈویژن ، کلسٹر یونیورسٹی کا قیام اور کرگل کیلئے ائیر پورٹ کی سمت میں چند قدم ہیں ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ لہیہ ، کرگل اور زانسکار کی متوازی ترقی یقینی بنائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لہیہ اور کرگل میں صوبائی دفاتر قایم کئے جائیں گے ۔ سیکرٹری سیاحت رگزن سیمفل نے اس موقعہ پر لداخ میں سیاحتی سیکٹر کو بڑھاوا دینے کیلئے کئی اقدامات کا ذکر کیا ۔ ڈپٹی کمشنر لہیہ اولین لواسہ نے اس موقعہ پر شکریہ کی تحریک پیش کی اور گورنر کا لداخ کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ دیگر اہم شخصیات میں ڈپٹی چئیر مین ایل اے ایچ ڈی سی لہیہ گیال پی وانگیال ، ایم ایل سی چیرنگ دورجے ، صوبائی کمشنر لداخ سوغات بسواس ، چیف آف سٹاف ، 14 کارپس میجر جنرل اروند کپور ، ایل اے ایچ ڈی سی لہیہ کے کونسلر و دیگر لوگ شامل تھے ۔