گورنر نے جموں یونیورسٹی کی 85 ویں یونیورسٹی کونسل میٹنگ کی صدارت کی

جموں//گورنر ستیہ پال ملک جو یونیورسٹی آف جموں کے چانسلر بھی ہیں نے یہاں راج بھون میں یونیورسٹی کی 85 ویں کونسل میٹنگ کی صدارت کی ۔ کونسل نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر منوج دھر اور اُن کے ساتھیوں کو یونیورسٹی کواین اے اے سی گریڈ میں یو جی سی کی طرف سے کیٹا گری 1 حاصل کرنے کیلئے مبارکباد دی ۔ اس اعزاز کی بدولت یونیورسٹی آف جموں کو سال 2018-19 میں روسا سیکنڈ کے تحت ایک سو کروڑ روپے کی گرانٹ کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ روسا سیکنڈ مرحلے کے تحت یہ گرانٹ صحیح طریقہ پر استعمال کرنے کیلئے گورنر نے سائینس و ٹیکنالوجی میں تکنیکی کام کے علاوہ ہیومنٹیز میں کورس کو از سر نو تشکیل دینے پر زور دیا ۔ انہوں نے طلاب کو عالمی سطح کے تدریسی سہولیات جن میں سمارٹ کلاس روم ، ای ریسورسز ، سٹیٹ آف آرٹ لیبارٹریاں ، نئے پروگراموں کو متعارف کرنے اور طلاب میں مقابلہ جاتی پروگراموں میں حصہ لینے  جیسی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا تا کہ ہمارے طلاب قومی و عالمی سطح پر کامیابی حاصل کر سکیں ۔ کونسل نے حکومتِ ہند کے انسانی وسائل کی وزارت کی طرف سے یونیورسٹی آف جموں کو انو ویشن سیل قایم کرنے کیلئے منتخب ہونے پر بھی مبارکباد دی ۔ اس سیل کی بدولت کیمپس میں ایکو سسٹم کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔ گورنر نے خطے میں تمام اعلیٰ تعلیم کے اداروں کو آپسی اشتراک کے ساتھ تحقیقی و انوویشن کلسٹر قایم کرنے کی صلاح دی ۔ انہوں نے یونیورسٹی سے منسلک کالجوں کے ساتھ تحقیقی ، گورننس ، ایکریڈیٹیشن اور کوالٹی ایشورنس کے شعبوں میں تعاون فراہم کرنے کی صلاح دی ۔ طلاب کے تدریسی اور سماجی زندگی میں  بہتری لانے کیلئے گورنر نے فیکلٹی اور سکالروں کے بیچ آپسی اشتراک بڑھانے کے سلسلے میں ضروری پروگراموں کو ترقی دینے کی صلاح دی ۔ اس کے علاوہ مختلف شعبوں میں اور بڑے پیمانے پر تمدنی ، کھیل کود اور تدریسی ایونٹ منعقد کرنے کے سلسلے میں طلاب کے ایکسچینج پروگراموں کو متعارف کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ گورنر نے ریاست سے باہر مختلف تعلیمی اداروں میں تدریسی و غیر تدریسی پروگراموں کو منعقد کرنے کی بھی صلاح دی تا کہ طلاب کو ریاست کے سلامتی ماحول کے بارے میں غلط فہمیاں دور کرنے اور آپس میں بہتر طریقے پر ایک دوسرے کو سمجھنے کے عمل کو فروغ دیا جا سکے ۔ گورنر نے یونیورسٹی کی طرف سے سوینئر ، پبلی کیشنز و دیگر پروگرام منعقد کرنے کی بھی صلاح دی تا کہ یونیورسٹی گولڈن جوبلی تقریبات کیلئے تیاری کر سکے ۔ گورنر نے کیمپس کے اندر لڑکیوں کیلئے اعلیحدہ بیت الخلاء و دیگر سہولیات یقینی بنانے پر زور دیا جن پر خواتین سُپر وائیزر نگرانی کریں گی ۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں موبائیل جیمر نصب کرنے کی بھی صلاح دی ۔ انہوں نے اساتذہ اور تحقیقی سکالروں کیلئے بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ گورنر نے کہا کہ طلاب کی بہبودی کے سلسلے میں تمام معاملات طلاب کے منتخب شدہ نمائیدے  پیش کر سکتے ہیں ۔ کونسل کو ایم ایچ آر ڈی کی طرف سے متعارف کئے گئے 17X17 ڈیجٹل انشیٹو کے تحت یونیورسٹی میں تمام کام کاج ڈیجٹل بنانے کی عمل آوری پر زور دیا ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ انٹر پرنیور شپ اور سکل ڈیولپمنٹ سنٹر کے قیام سے طلبا میں انٹر پرنیور شپ کو فروغ دینے میں مدد ملے گی جبکہ انہیں مختلف ہنروں کی تربیت دے کر جاب مارکیٹ کیلئے تیار کیا جائے گا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ انڈسٹری اکیڈمیہ پارٹنت شپ سنٹر یونیورسٹی میں قایم کیا گیا ہے تا کہ یونیورسٹی اور مذکورہ صنعت کے مابین لنک کو فروغ دیا جا سکے ۔