جموں//گورنر ستیہ پال ملک جو سٹیٹ بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈس کے سربراہ بھی ہیں ، نے آج 330 سکاؤٹس اینڈ گائیڈس کو انعامات سے نوازہ ۔ چار اساتذہ جنہوں نے اس سلسلے میں تربیت حاصل کی تھی کو بھی اسناد اور بیجس سے نوازہ گیا ۔ گورنر اور گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ کو اس موقعہ پر سکاؤٹس کا سکارف پیش کئے گئے ۔ سیکرٹری سکولی تعلیم سریتہ چوہان ، سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ ، ڈی جی یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سلیم الرحمان بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ گورنر نے انعام حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور اُن کے روشن مستقبل کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے جے اینڈ سٹیٹ بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈس کی اعلیٰ کارکردگی کی ستائش کی ۔ سکاؤٹس اینڈ گائیڈس تحریک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ قابلِ قدر تحریک ہے جو بچوں میں اعلیٰ قدروں اور بہتر تعلیم سے نوازتی ہے ۔ انہوں نے اس سرگرمی میں تمام طلاب کو شامل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس تحریک کی بدولت طلبا امتحانات میں بھی بہتر نتایج حاصل کرتے ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ جو ملک نوجوانوں کے کردار کو بنانے کو اہمیت دیتے ہیں ایسے ممالک ہمیشہ مضبوط ترین ہوتے ہیں ۔ انہوں نے سکاؤٹس اینڈ گائیڈس کی سماجی خدمات کو بھی سراہا ۔گورنر نے کہا کہ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست میں سکاؤٹس اینڈ گائیڈس تحریک کو پھلنے پھولنے کیلئے مناسب رقومات واگذار کریں ۔ انہوں نے سکاؤٹس اینڈ گائیڈس تحریک اور اس کے رہنماؤں کی کامیابی کیلئے دعا کی ۔خورشید گنائی نے سکاؤٹس اینڈ گائیڈس تحریک کے ساتھ اپنی شمولیت سے متعلق تجربات اپنی تقریر میں بیان کئے اور کہا کہ اس تحریک کی بدولت نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشود و نما یقینی بنتی ہے ۔ سٹیٹ چیف کمشنر جے اینڈ کے سٹیٹ بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈس آئی ڈی سونی نے تحریک کے بارے میں ایک مختصر رپورٹ پیش کیا جبکہ سینئر وائس پرذیڈنٹ جے اینڈ کے سٹیٹ بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈس روما وانی نے اس موقعہ پر استقبالیہ خطاب پیش کیا ۔ سکولی تعلیم ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس محکموں کے اعلیٰ افسران اور سکاؤٹس اینڈ گائیڈس کے رہنما اس موقعہ پر موجود تھے ۔