سرینگر//نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری اورسابق وزیرڈاکٹر مصطفی کمال نے ریاستی گورنر پرالزام لگایا ہے کہ وہ یہاں کے حالات ٹھیک کرنے کے بجائے اُنہیں ابتر کرنے میں لگے ہیں۔ایک بیان کے مطابق ان باتوں کااظہار ڈاکٹر مصطفی کمال نے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے گورنر یہاں کے آئینی اور جمہوری اداروں کے بارے میں جو اعلانات کرتے ہیں وہ ان کے حد اختیار میں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ گورنر ریاست کے آئینی اور جمہوری اداروں کو اُکھاڑنے پر بضد ہیں جو اہل کشمیر کو قبول نہیں۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ گورنر ریاست میں تفرقہ ڈالنے میں آگے آگے ہیں جواُن کے عہدے کے منافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورنر کو ایسے احکامات اور اعلانات صادر کرنے سے گریز کرنا چاہیے جومنتخب حکومت کے حد اختیار میں ہیں نہ کہ گورنر کے۔