بانہال//ناچلانا رام بن میں یاتریوں سے بھری ایک بس کو حادثہ پیش آنے کی خبر سُنتے ہی گورنر این این ووہرا جو شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں فوری طور سے بانہال کی طرف روانہ ہوئے اور وہاں ضلع انتظامیہ رام بن اور انڈین ائیر فورس کی طرف سے جاری بچاؤ کارروائیوں کا جائیزہ لیا ۔ چیف سیکریٹری بی بی ویاس ، ڈی جی پی ایس پی وید اور شرائین بورڈ کے سی ای او امنگ نرولہ بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔ گورنر کی ہدایات کے مطابق شدید طور سے زخمی یاتریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے جموں منتقل کیا گیا ۔ گورنر نے بانہال پہنچتے ہی زخمی یاتریوں کی عیادت کی اور اس کے بعد ان یاتریوں کو ائیر لفٹ کیا گیا ۔ گورنر نے بانہال سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں چیف سیکریٹری اور ڈاکٹروں کے ساتھ بات چیت کے بعد انہوں نے 16 یاتریوں کی میتوں کو جموں پہنچانے کی ہدایات دیں ۔ یہاں پر انہیں لوازمات پورا کرنے کے بعد ہوائی جہاز کے ذریعے اپنے گھروں تک پہنچایا جائے گا ۔ گورنر نے جائے حادثہ کا بھی دورہ کیا انہوں نے ایک مقامی غیر سرکاری تنظیم کی بچاؤ کاروائیوں کی تعریف کی اس تنظیم نے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے کافی زخمیوں کو بچا لیا ۔ گورنر نے اس غیر سرکاری تنظیم کیلئے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ۔ اسی کے ساتھ گورنر نے اس دلدوز حادثے پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ہلاک ہوئے ہر ایک یاتری کے لواحقین کو شرائین بورڈ کی طرف سے 3 لاکھ روپے جبکہ زخمی ہوئے ہر یاتری کو ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ۔ ادھر این این ووہرا نے سڑک حادثے کی خبر سُنتے ہی چیف سیکرٹری ، ڈی جی پی اور شرائین بورڈ کے سی ای او کے ہمراہ جائے حادثہ کا دورہ کیا ۔اس دوران گورنر کو جانکاری دی گئی کہ ٹائیر پھٹنے سے یہ گاڑی قابو سے باہر ہو کر لڑھک گئی جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ گورنر نے چیف سیکرٹری بی بی ویاس کو ہدایات دیں کہ وہ فوری طور سے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی ایس آر ٹی سی بس کو لمبے سفر پر معمور نہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ ایس ّآر ٹی سی کے ایک ذمہ دار افسر کیے چیک اور فٹنس اسناد کے بغیر کسی بھی گاڑی کو بانہال سے آگے چلنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئیے ۔