راجوری //نیشنل کانفرنس کے یوتھ صوبائی صدر اعجاز احمد جان نے بھاجپا کے ریاستی صدر رویندر رینہ سے اس بیان پر سرعام معافی مانگنے کا مطالبہ کیاہے جس میں انہوںنے کہاہے کہ اب آیا ہمارا گورنر ۔اپنے ایک بیا ن میں اعجاز جان نے کہاکہ بھاجپاکے ریاستی صدرکو اس طرح کا بیان دینا زیب نہیں دیتا اور ایک ارکان قانون سازیہ کیلئے ایسے کلمات بدقسمتی کی بات ہیں۔انہوں نے کہاکہ گورنر کا عہدہ آئینی ہے جس کیلئے اس طرح کے کلمات اس کرسی کیلئے خطرناک ہیں۔ان کاکہناتھاکہ رینہ کو سرعام اپنے کلمات پر معافی مانگنی چاہئے اور گورنر کی کرسی کی عزت کو برقرار رکھاجائے ۔جان نے کہاکہ ایک طرف مرکزی وزیر داخلہ سابق گورنر این این ووہرا کے دس سالہ دور قابل ستائش قرار دے رہے ہیں اور دوسری طرف بھاجپا کے ریاستی صدر یہ کہتے ہیں کہ اب اپنا گورنر آیاہے ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی بھاجپا قیادت کو ریاست کے ایسے لیڈران پر لگام کسنی چاہئے جو آئینی عہدے کو نقصان پہنچارہے ہیں اورغیر ضروری طور پر بیان بازی کرکے ریاست میں افراتفری کا ماحول پیدا کررہے ہیں۔