راجوری //پنتھرز پارٹی راجوری کے کارکنان نے گوجربکروال کنبوں کے خلاف کی گئی حالیہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے چلڈرن پارک میںاحتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت ضلع صدر مشتاق احمد نے کی ۔اس موقعہ پر مظاہرین نے ریاستی سرکار پر زور دےتے ہوئے کہا کہ جموں میں آباد گوجربکروال طبقہ کو حراساں نہ کیاجائے اور اجاڑے گئے لوگوںکو واپس بسایاجائے ۔مشتاق احمد نے کہا کہ اگرایک ماہ کے اندر ان کنبوںکی بازآبادکاری نہیں ہوئی تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ جولوگ صدیوں سے اپنے بال بچے غربت اور پسماندگی میں پال رہے ہیں، انہیں آج یہ کہہ کر بے گھر کیا جارہا ہے کہ وہ جنگلات کی اراضی پر قابض ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص طبقہ کو اس طرح پریشان کرنا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ جموں میں اقلیتی طبقہ کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ اس موقعہ پر یہ فیصلہ لیا گیا کہ اگر ریاستی سرکار ایک ماہ کے اندر اندربے گھر کئے گئے کنبوں کو دوبارہ نہیں بسائے گی تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔