جموں// جموں و کشمیر میں گوجرطبقہ کو ایس ٹی درجہ دینے کے28 سال پورے ہونے پر ٹرائیبل ریسرچ اینڈ کلچرل فئونڈیشن کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔مقررین نے کہا کہ ایس ٹی درجہ دینے سے ہی انکے صدیوں امتیاز کو ختم نہیں کیا جا سکتا ہے اور سرکار پر زور دیا کہ طبقہ کے سماجی رتبہ میں بدلائو کیلئے اورا نکی زندگی ملک کے دیگر لوگوں کے برابر لانے کیلئے ٹھوس اقدام کئے جائیں۔تقریب کی صدارت نامور ٹرائیبل ریسرچر ڈاکٹر جاوید راہی نے کی ،جس میں طبقہ کے متعدد شخصیات ،دانشوروں ، سکالروں اور طلاب نے شرکت کی۔اپنے صدارتی خطبہ میں ڈاکٹر جاوید راہی نے کہا اگرچہ 19۔اپریل 1991میں ریزرویشن سے گوجر و بکروال طبقہ کی زندگی میں کافی بدلائو آیا ہے، تاہم ابھی بھی طبقہ کا ایک بڑا حصہ غربت اور پسماندگی کی زندگی گُذار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرائیبل درجہ دینے سے ہی گوجر و بکروال طبقہ نے کافی ترقی درج کی ہے تاہم دیگر سطحوں پر بھی طبقہ کے ساتھ کئے جارہے امتیاز کو ختم کرنے کیلئے ٹھوس اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ طبقہ کو تعلیمی ،سماجی ،اقتصادی اور ثقافتی لحاظ سے آگے لیجانے کیلئے مزید کاوشوں کی ضرورت ہے۔مقررین نے طبقہ کے ساتھ مساوات، انصاف کرنے اور طبقہ کے ساتھ کئے جارہے مبینہ امتیاز کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔مقررین نے کہا کہ ریاست میں طبقہ کی20 فی صد آبادی میں فقط10 فی صد کوٹہ دیا گیا ہے جو کہ طبقہ کے ساتھ امتیاز ہے۔انہوں نے کہا کہ سول سکرٹریٹ میں فقط طبقہ کے 10 ۔افسر ہیں اور انہیں بھی کم اہمیت کے محکمے دئے گئے ہیں۔مقررین نے کہا کہ گوجر ۔بکرو ال طبقہ کے ساتھ صدیوں سے امتیاز کیا گیا ہے اورانہیں سماج میں مساوی مواقعے فراہم نہیں کئے گئے ہیں،جسکی وجہ سے قوم کی تعمیر میںانکی نمائندگی نہ کے برابر رہی ہے اور سرکار و سول سوسائٹی سے طبقہ کی ترقی کیلئے کام کرنے پر زور دیا گیا۔ تقریب میں اشتیاق مسباح ،خادم حسین ، دل محمد، محمد شریف خاکی،وزیر محمد بنیا، شبنم رفیق بجران ، علی حسین کھٹانہ، بشیر بجاد، حنیف لودھا و دیگران نے بھی شرکت کی۔