پونچھ//قبائلی امور کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کہاہے کہ ان کے ہوتے ہوئے قبائلی طبقہ کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوسکتی ۔پونچھ میں گوجر بکروال ایمپلائز ایسو سی ایشن،گوجر بکروال یوتھ ایسو سی ایشن،گوجر بکروال کالج فیڈریشن کے اشتراک سے منعقدہ یک روزہ گوجر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس کانفرنس کے مہمانِ خصوصی چوہدری ذوالفقار نے کہاکہ آصفہ قتل معاملہ پر صاف طریقہ سے کارروائی ہو رہی ہے اور بہت سے ملزم سلاخوں کے پیچھے ہیں۔انہوںنے کہا کہ یہاں مسلم آبادی اکثریت میں ہے اوراگر یہاں کسی ہندو بچی کے ساتھ ایساہوتا تو یہ سب سے پہلے آوازوہ بلند کرتے کہ ایسا کرنے والے کو پھانسی دے دولیکن کسی گنہگار کے حق میں کوئی بھی منچ بنا کر اسے بچانے کی کوشش نہیں کی جاتی۔ذوالفقارنے کہا کہ اگر کوئی مویشی سمگلنگ میں ملوث ہے تواس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے لیکن عام غریب گوجر بکروال کو مال مویشی لیجاتے ہوئے ہرگز تنگ نہیں کیا جا سکتا اور جب تک وہ اس کرسی پر ہیں ،کسی کے ساتھ بھی کسی قیمت پر ناانصافی نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے کہا کہ21ویں صدی میں بھی گوجر گھاس کے کچے کلے میں رہتے ہیں اور اس سے ان کی پسماندگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ طبقہ کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ سنجیدہ ہیں ۔گوجر بکروال ایمپلائز ایسو سی ایشن کے صدر چوہدری محمد اسد نعمانی کی مانگ پر وزیر نے موقعہ پر ہی گوجر بکروال ہوسٹل میں25نشستیں بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ جموں جاتے ہی اس کا سرکولر جاری کردیاجائے گا۔انہوں نے ہوسٹل کے لئے بس کا بھی اعلان کیااور ساتھ ہی جلدرہائیش سکول کی تعمیر کرنے کی ہدایت جاری کی ۔قبل ازیں اسد نعمانی نے ہوسٹل میںنشستیں بڑھانے ،ریزیڈنشل اسکول،ہوسٹل طلبا کے لئے بس سرو س شروع کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوںنے کہاکہ وہ 14فروری کوہوئے فیصلوں کی تائید کرتے ہیں اور وزیر اعلیٰ کے شکر گزار ہیں جنہوںنے جموں کے ارد گرد غریب کنبوں کو حراساں کرنے پر روک لگائی ۔انہوںنے کہاکہ آصفہ قتل کیس میں تحقیقا ت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور امید ہے کہ مجرموں کو کڑی سزاملے گی تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کی گھنائونی حرکت نہ کرسکے ۔اسد نعمانی نے بین ضلعی بھرتی سے پابندی ہٹانے یا آبادی کے تناسب سے ریزرویشن دینے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ طبقہ کے ساتھ انصاف کیاجائے ۔پروگرام میں ہوسٹل وارڈن فرید چوہدری نے سپاس نامہ پڑھا۔اس دوران گرلز ہوسٹل کی طلبا اور کالج طلبا نے گوجری گیت سنائے اور راتھر اینڈ گروپ نے ساز میں ان کا ساتھ دیا۔پروگرام میں حاجی فاروق دیدڑ،پروفیسر فتح محمد عباسی،اخلاق تبسم،معشوق چوہدری،غلام نبی،رزاق گلشن،طارق کوہلی، گرلز ہوسٹل وارڈن کنیزہ بی ، ڈائریکٹر ٹرائبل محمد رفیع میر،ڈائریکٹر سی اے پی ڈی رشید انقلابی،سیکریٹری بورڈ مختار چوہدری،ڈپٹی ڈائریکٹر اے کے فانی کالج ایسو سی ایشن کی جانب سے،گلفراز ،یوتھ ایسو سی ایشن کی جانب سے تنظیم کے صدر اخلاق تبسم بھی موجو دتھے۔