ترال// سب ضلع ترال سے قریب 7کلو میٹر دو گوجر بستی سیموہ ترقی کے اس جدید دور میں بھی اہم سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے رہائش پذیر آبادی گوناگوں مشکلات کا سامنا کر رہی ہے ۔مقامی آبادی کاکہنا ہے کہ علاقے میں اس وقت پینے کا پانی اور رابطہ سڑک آبادی کیلئے ایک بڑا مسئلہ درپیش ہے ۔مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ بستی میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے باعث انہیں ایک کلو میٹر سے دور پانی لانا پڑ رہا ہے اور ان دنوں سڑکوں پر جمی برف میں پانی سمیت برتن لانا کارِ دارد والا معاملہ ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ انہوں نے بستی تک پانی پہنچانے کے لئے متعدد بارمتعلقہ محکمے کے دفتر میں درخواست بھی دی تاہم کئی سال گزر جانے کے باجود انہیں پانی پہنچانے کے لئے کوئی بھی انتظام نہیں کیا گیا ۔لوگوںکاکہنا ہے کہ بستی تک تاحال سرکار ایک رابطہ سڑک تعمیر کرنے میں ناکام ہوئی ہے جس کی وجہ سے انہیںگائوں تک پہنچنے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔لوگوں کاکہنا ہے کہ ہر بستی اور گائوں تک مختلف مرکزی اور ریاستی سرکار نے الگ الگ اسکیموں کے ذریعے سے سڑکیں تعمیر کیں تاہم اس بستی کے حوالے سے کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔علاقے کے لوگوں نے حکام سے اس حوالے سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔اس دوران انتظامیہ میں شامل ایک اعلیٰ افسر نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بستی میں پانی کی عدم دستیابی ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے جس کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔