جموں //مولاناآزادنیشنل اُردویونیورسٹی حیدرآباد سٹوڈنٹس یونین نے چندروزقبل گاندھی نگرمیں پرامن طورپروزیرجنگلات لال سنگھ کی رہائش گاہ کے باہراحتجاج کررہے گوجربکروالوں پرپولیس کے لاٹھی چارج اورصوبہ جموں میں گوجربکروال طبقہ کوہراساں کرنے کے معاملہ کولیکرریاستی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مانوسٹوڈنٹس یونین کے صدرعطااللہ نیازی نے نے انتظامیہ اورامن وقانون نافذکرنے والی ایجنسیوں پرملک کی وفادارقوم کوہراساں کرنے کاالزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ مانویونیورسٹی کے طلباء لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہیں اورگوجربکروالوں کی حمایت کرتے ہیں۔اس دوران مظاہرین نے پولیس اوروزیرجنگلات کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔انہوں نے فاریسٹ رائٹ ایکٹ پاس کرکے خانہ بدوش گوجربکروالوں کوحقو ق دینے کامطالبہ کیا۔نیازی نے خطاب کرتے ہوئے وزیرجنگلات لال سنگھ کے گوجربکروال طبقہ کے تئیں رویے کوافسوس ناک قراردیا۔مظاہرین نے ریاستی وزیراعلی اورگورنرسے گذارش کی کہ گوجربکروالوں کوہراساں کرنے کانوٹس لیاجائے اورانہیں بہترسہولیات مہیاکرانے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔