پنامہ //گوا کے وزیراعلی اور سابق مرکزی وزیرمنوہر پریکر کا اتوار کی شام طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔وہ 63سال کے تھے۔مرکزی سرکار نے منوہر پاریکر کی وفات پر آج پوے ملک میں سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔گورنر ستیہ پال ملک اور سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے منوہر پاریکر کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔گورنر کے سرکاری ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا 'گورنر ستیہ پال ملک نے شری منوہر پاریکر کی بے وقت موت پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ گورنر نے گوا کے وزیر اعلیٰ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک قابل منتظم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شری پاریکر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی'۔عمر عبداللہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا 'منوہر پاریکر صاحب کے کنبے، دوستوں اور ساتھیوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں۔ ان کی بے وقت موت سے ایک ایسا خلا پیدا ہوگیا جس کو پْر کرنا مشکل ہے۔ ان کے روح کی شانتی کے لئے دعا گو ہوں'۔محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا 'شری منوہر پاریکر کی موت کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ وہ ایک حقیقی فائٹر تھے جنہوں نے کینسر میں مبتلا رہنے کے باوجود اپنے لوگوں کی بہبودی کے لئے انتھک کام کیا۔ ان کے چاہنے والوں اور کنبے کی خدمت میں تعزیت پیش کرتی ہوں'۔