نئی دہلی// ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے شکست کے بعد بھارت کا ورلڈکپ کا سفر تو اختتام پذیر ہوا لیکن شکست کا یہ اثر بھارتی ٹیم کے سینئر پلیئرز کی ریٹائرمنٹ کی وجہ کا باعث بھی بن سکتا ہے۔بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا سوچ سکتے ہیں اور ان دونوں کی غیر موجودگی میں ہاردک پانڈیا کو کپتان بنایا جا سکتا ہے۔سنیل گواسگر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے دورے پر ایک مختلف ٹیم ہاردک پانڈیا کی قیادت میں روانہ ہو گی، سلیکشن کمیٹی کو یہ واضح کیا گیا ہے کہ آئی پی ایل میں ہاردک کی قیادت میں ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کیا، لہذا میرا خیال ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہاردک کو کپتان بنانے سے ٹیم مکمل طور پر مختلف ہوگی۔سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں چند کھلاڑیوں کی جانب سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کیا جانے والا ہے، اگرچہ یہ سوچنے کا وقت نہیں ہے اور ہمیں ان سوچوں سے خود کو دور بھی رکھنا چاہیے لیکن ٹیم میں 30کی عمر درمیان کے بہت سے کھلاڑی ایسے ہیں جو ٹیم میں اپنی پوزیشن پر غور کریں گے۔خیال رہے انڈیا کا دورہ نیوزی لینڈ 18 نومبر سے شروع ہوگا اور اس دورے کے دوران بلیو شرٹس تین ٹی20 اور تین ون ڈے میچز کھیلیں گے۔ اس دورے کے لیے وراٹ کوہلی اور روہت شرما سمیت متعدد سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ روہت شرما کی غیرموجودگی میں ہاردک پانڈیا انڈین ٹی20 ٹیم جب کہ شیکھر دھون انڈین ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔خیال رہے ہاردک پانڈیا کی قیادت میں گجرات ٹائٹنز نے اس سال آئی پی ایل جیتا تھا۔