گلگت//صدر پاکستان مملکت عارف علوی نے گلگت بلتستان میں نگران حکومت کی تشکیل اور وہاں الیکشنز ایکٹ 2017 میں توسیع کے لیے حکم جاری کردیا۔وزارت برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق صدر نے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے 'گلگت بلتستان الیکشن اینڈ کیئر ٹیکر امینڈمنٹ آرڈ، 2020' نافذ کردیا۔خیال رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی 5 سالہ مدت رواں برس 24 جون کو مکمل ہوجائے گی۔صدراتی حکم میں کہا گیا کہ شفاف اور منصفانہ انتخاب کے انعقاد کے لیے گلگت بلتستان میں نگران حکومت بنانے کے لیے قوانین فراہم کرنا ضروری تھا۔یہ گورنمنٹ آف گلگت-بلتستان آرڈر 2018 ایس آر نمبر 2018، (1)704 کی ترمیم کے لیے فائدہ مند ہے۔اس حوالے سے یہ بتایا گیا کہ مجوزہ گلگت-بلتستان ریفارمز، 2019 کے آرٹیکل (5)56 کے تحت گلگت-بلتستان کے وزیراعلیٰ، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت-بلتستان کو نگران وزیراعلیٰ کے لیے ایک یا اس زائد ناموں پر متفق ہونا چاہیے۔صدارتی حکم نامے میں کہا کہ اگر اس آرڈر کی کسی شق کو عملی شکل دینے میں مشکل پیش آتی ہے تو صدرِ پاکستان آفیشل گزیٹ میں نوٹیفائی کرتے ہوئے ایسی دفعات بناسکتے ہیں جو مشکل کو ختم کرنے کے لیے مناسب سمجھیں۔مزید برآں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) کے صدر برائے گلگت-بلتستان جسٹس (ر) سید جعفر شاہ نے کہا کہ علاقے میں نگران حکومت کی تشکیل کے لیے کوئی شق موجود نہیں تھی لیکن صدارتی حکم کے بعد تمام مشکلات ختم ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات وقت پر ہوں گے، نگران حکومت 2 ماہ کے اندر انتخابات کروائے گی اور مخصوص حالات میں نگران حکومت کی مدت میں توسیع کا قانون بھی موجود ہے۔