گلمرگ/ / بارہمولہ پولیس نے دعویٰ کیا کہ اْنہوں نے گلمرگ گنڈولہ چوری کے کیس کو محض 9 دنوں میںحل کرتے ہوئے اس میں ملوث پانچ افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں۔ایس ایس پی بارہمولہ عبد القیوم نے منگل کو گلمرگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد ایک ملزم بشیر احمد شاہ عرف ایم ایل اے ساکن گنڈ ڈلوچھ کی شناخت کی گئی جس کو بعد میں پوچھ تاچھ کیلئے گرفتار کیا گیا۔بشیر نے پوچھ تاچھ کے دوران اس چوری میں ملوث اپنے چار ساتھیوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں ، جس کے بعدانکی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔گرفتار شدگان میں بشیر کے علاوہ عبد الاحد گنائی ولد عبد الرحمان گنائی ساکن ہردہ چیلو،(کیبل کار ملازم)،عبد المجید لون ولد غلام احمد لون ساکن چھانپورہ،امتیاز بٹ ولد غلام قادر بٹ ساکن ہردہ چیلو اورمنظور احمد شیخ ولد محمد عبد اللہ ساکن چونٹی پتھری شامل ہیں۔ایس ایس پی کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ عبد الاحد گنائی اس پورے معاملے کا سرغنہ ہے اور اسی نے اس چوری کی منصوبہ سازی کی تھی۔اس نے اس چوری میں شامل افراد کو اہم معلومات فراہم کی تھیں اور یہ بھی طے کیا تھا کہ کس طرح چوری کی واردات کو انجام دیا جاسکے۔پولیس نے کہا کہ ملزما ن کی تحویل سے چوری کی رقم میں سے39لاکھ روپے بر آمد کئے گئے جبکہ مزید رقم کے سلسلے میں ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔پولیس کے مطابق عبد المجید اور امتیاز احمد چوری کے دوسری کیسوں میں بھی ملوث ہیں۔ اس موقع پر ایس ایچ او گلمرگ کے علاوہ دیگر کئی پولیس آفیسران بھی موجود تھے ۔یاد رہے کہ 23 اور 24 جون کی درمیانی رات کو ان چوروں نے گلمرگ گنڈولہ کونٹر سے 50 لاکھ سے زیادہ رقم اُڈالی تھی ۔