بارہمولہ // مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم نے گلمرگ کواگلے سال 2اکتوبر تک پلاسٹک سے پاک بنانے کی ہدایت دی۔ ’آزادی کا امرت مہااُتسو‘ کے ایک حصے کے طور مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم ڈاکٹر سبھاش سرکار نے گلمرگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مہاتما گاندھی کے152 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ’ سوچھ بھارت ابھیان ‘ کے ایک حصے کے طور پر صفائی مہم کی قیادت کی ۔ا س موقعہ پر وزیر نے صفائی کی خوبیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گاندھی نے ہمیشہ ایک صحت مند اور مہذب معاشرے کی ترقی کیلئے صفائی کو ایک لازمی جزو کے طور پر دیکھا ۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ چھوٹی عمر میں بچوں میں اچھی حفظان صحت کو برقرار رکھنے کی عادت ڈالیں تا کہ یہ عادت ان کی شخصیت میں شامل ہو ۔ اس موقع پر ڈاکٹر سرکار نے کہا کہ اگرچہ جموں و کشمیر میں مائع فضلے کو ٹھکانے لگانے کا اچھا نظام ہے تا ہم ٹھوس فضلے کوٹھکانے لگانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف سائنسی طریقوں کو جاننے کی کوشش کر رہی ہے جن کے ذریعے اس مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جا ئے ۔ وزیر نے اپنی تقریر میں متعلقہ حکام کو 2 اکتوبر 2022 کو گاندھی جینتی کے موقع پر اگلے سال تک پلاسٹک سے پاک گلمرگ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔ دریں اثنا وزیر نے دیگر معززین کے ساتھ کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کے لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائینہ کیا جہاں انہوں نے کڑھائی کی شالوں اور دیگر کپڑوں کا معائینہ کیا ۔
گلمرگ کو پلاسٹک سے پاک بنایاجائے:سبھاش سرکار
