عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کی کسی بھی سیاحتی منزل پر پہلی بار حکام نے معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ پر قابو پانے اور وہاں حساس ماحولیات کے تحفظ کے لیے طاق-جفت (اوڈ-ایون) ٹریفک نظام نافذ کیا ہے۔گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے منگل کو جاری حکم نامے کے مطابق یہ پابندیاں آزمائشی بنیاد پر 5 جولائی سے 5 اگست تک نافذ رہیں گی۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کشمیر کے معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں سیاحوں کی غیر معمولی آمد کے باعث شدید ٹریفک جام، پارکنگ کی قلت اور ماحولیاتی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔حکام کے مطابق گلمرگ میں تقریباً 1,500 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے، لیکن سیاحتی سیزن کے دوران روزانہ 6,000 سے زائد گاڑیاں یہاں پہنچ رہی ہیں، جس سے سڑکوں پر شدید دباؤ اور ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی غیر معمولی تعداد کے باعث فضائی آلودگی، شور کی سطح میں اضافہ، محدود سڑکوں پر دباؤ، ہنگامی خدمات میں رکاوٹ، عوامی مقامات کو نقصان اور گلمرگ کے حساس پہاڑی ماحولیاتی نظام پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔نئے ٹریفک نظام کے تحت رجسٹریشن نمبر کے آخر میں اوڈ ہندسہ رکھنے والی چار پہیوں والی گاڑیوں کو صرف اوڈ تاریخوں میں، جبکہ جفت (ایون) ہندسہ رکھنے والی گاڑیوں کو صرف ایون تاریخوں میں گلمرگ میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ تاہم ہنگامی خدمات، مال بردار اور سامان لے جانے والی گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ رہیں گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹریفک کی روانی بہتر بنانا، سیاحوں کے تجربے کو خوشگوار بنانا اور عالمی شہرت یافتہ اس سیاحتی مقام پر ماحولیاتی دباؤ کو کم کرنا ہے۔ایک سرکاری افسر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی کسی بھی سیاحتی منزل پر اس نوعیت کا ٹریفک نظام پہلی بار نافذ کیا جا رہا ہے، جو سیاحوں کی غیر معمولی آمد اور گلمرگ کی محدود گنجائش کے پیش نظر ضروری ہو گیا تھا۔ایک ماہ تک اس نظام کو آزمائشی منصوبے کے طور پر نافذ کیا جائے گا، جس کے بعد سیاحوں، متعلقہ فریقوں اور مقامی باشندوں کے صلاح و مشورے کی بنیاد پر اس کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
گلمرگ میں پہلی بار طاق-جفت ٹریفک نظام نافذ