گلمرگ//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے آج گلمرگ کا دورہ کیا اور ایک میٹنگ کے دوران گلمر گ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران گلمرگ گنڈولہ کے کامیاب اورمحفوظ طریقے سے چالو رہنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری، ایم ایل اے گلمرگ محمد عباس وانی ، وائس چیئرمین جے کے سی سی سی ،سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ ، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ناصر نقاش ،ایڈیشن ڈپٹی کمشنر فاروق احمد بابا، سی ای او جی ڈی اے کے علاوہ دیگر افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔میٹنگ میں گلمرگ کو عالمی سطح کا سیاحتی مرکز کا مقام درجہ دینے اور صحت مند ماحول کو آلودگی سے بچانے کے بارے میں تفصیلی غور و خوض ہوا۔ وزیر نے کہاکہ ریاستی حکومت گلمرگ کی شان و شوکت کی اہمیت سے اچھی طرح سے واقف ہے اور اس سلسلے میں گلمرگ اور گنڈولہ جیسی سہولیت کو ہرفرد کے لئے محفوظ رکھنے کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سخت سردی میں گنڈولہ کو استعمال کرنے کے سلسلے میں تمام رکاوٹیں دور کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جارہا ہے تاکہ اس سہولیت سے لوگ محظوظ ہوں۔میٹنگ کے دوران سی ای او جی ڈی اے نے وزیر کو ان تمام اقدامات کے بارے میں مطلع کیا جو گلمرگ میں ونٹر گیمز کے سلسلے میں اٹھائے گئے ہیں جن میں الپائین سکینگ ، نارڈک سکینگ سونو بوڈنگ شامل ہیں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ جی ڈی اے محکمہ تعلیم کے اشتراک سے اکتوبر کے آخری ہفتے میں ایک گالف ٹورنامنٹ کا انعقاد کر رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے ایک مثبت پیغام عالمی سطح پر بھیجا جاسکتا ہے کہ گلمرگ نہ صرف ایک عالمی سطح کا سیاحتی مقام ہے بلکہ دنیا کا دوسرا اونچا کیبل کار گنڈولہ چلانے والی جگہ ہے۔باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے اس موقعہ پر کہا کہ جی ڈی اے کی طرف سے گلمرگ کو مزید جاذب نظر بنانے کی بدولت سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا اور اس شعبہ سے وابستہ مقامی نوجوانوں کے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔