جموں//نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹرنرمل سنگھ نے کہا ہے کہ وقت کی ضرورت ہے کہ سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کیلئے مختلف تقاضوں کے عین مطابق وہاں مناسب منصوبہ بندی عمل میںلائی جائے۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار یہاں گلمرگ ماسٹر پلان 2032 کا جائز ہ لینے کی غرض سے وزراء کے ایک گروپ کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر ، وزیر سیاحتی تصدق حسین مفتی ، صحتِ عامہ، آبپاشی کے وزیر شیام لال چودھری اور ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت سنیل کمار شرما بھی اس میٹنگ میںموجود تھے۔ٹاون پلانر کشمیرنے اس موقعہ پر گلمرگ ماسٹر پلان 2032 مرتب کرنے کیلئے ہاتھ میںلئے گئے کئی اختراعی اقدامات کے بارے میں ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن دی۔ میٹنگ میں بتایاگیا کہ گلمرگ ٹورازم ماسٹر پلان ایک وسیع پالیسی فریم ورک ہے جس میں علاقے کے سیاحتی وسائل کو مکمل طور سے بروئے کار لانے کی طرف خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔اس دوران بتایاگیا کہ نئے ماسٹر پلان کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ تمام شراکت داروں کو شامل کرتے ہوئے علاقے کی جاذبیت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ خطے کے ماحولیاتی توازن کو بھی برقرار رکھا جاسکے۔نائب وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ سیاحتی شعبے سے روزگار کے کافی وسائل پیداہوتے ہیں اور اس سیکٹر کی بدولت لوگوں کے معیار زندگی میں بھی بہتری آتی ہے۔میٹنگ میںموجود کئی دیگر وزراء نے بھی اپنی اپنی تجاوز سامنے رکھیں تاکہ گلمرگ کو ایک ماحولیات دوست سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کیلئے اگلے 30برسوں کیلئے ایک ویژن دستاویز تیار ہوسکے۔تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کہا کہ ماسٹر پلان میںاقتصادی ترقی ، لینڈ یوز منصوبہ بندی ، بنیادی ڈھانچے اور سماجی خدمات کی طرف بھی توجہ دی جانی چاہیئے اور اس عمل میں حکومت ، نجی سرمایہ کاروں ، ترتیب کاروں اور مقامی لوگوں کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے کہاکہ ماسٹر پلان کی بدولت علاقے میں دیر پا سیاحتی ترقی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے علاقے کی جی آئی ایس میپنگ کرنے اور علاقے کے حیاتیاتی تنوع کو مستحکم کرنے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔