سوپور//گورنمنٹ گرلز ہائر اسکنڈری اسکول سوپورکے 102سال مکمل کرنے پر ادارے میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سمیت متعدد اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔ اس دوران تقریب میں ادارے کو جدید سہولیات سے لیس کرنے کے لئے رقومات بھی واگزار کئے گئے ۔یہ ہائر سکنڈری سکول 1917کو وجود میں آئی ہے جہاں ادارے نے اس مدت کے دوران ہزاروں کی تعدادمیں طالبات کو تعلیم کے نور سے منور کرنے میں اہم رول ادا کیا،وہیں اس دوران ادارے سے کچھ ایسی طالبات بھی نکلی ہیں جنہوں نے کشمیر کا نام روشن کیا ہے ۔ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے طلاب پر زور دیا ہے کہ وہ مقابلہ جاتی منظر نامے میں آگے بڑھنے کیلئے محنت کریں ۔ انہوں نے طلاب سے کہا کہ وہ مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کیلئے مجموعی طور پر علم اور دیگر پہلوؤں کو سمجھیں اور ترقی کیلئے اپنی راہیں ہموار کریں ۔ مشیر موصوف نے ڈی سی بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو ، ناظمِ تعلیم کشمیر ایم وائی ملک ، سی ای او جی ایم لون کے علاوہ کئی افسران اور سماجی و تجارتی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ کافی تعداد میں طلاب بھی موجود تھے ۔ خورشید احمد گنائی نے کہا کہ طلاب کو معیاری تعلیم سے روشناس کرانے سے ہی اس بات کو یقینی بنایا جا سکتا ہے کہ یہ طلاب ریاستی اور قومی سطح کے مقابلہ جاتی امتحانات میں اچھی کارکردگی حاصل کر سکیں گے ۔ انہوںنے سکول انتظامیہ کی طرف سے اس طرح کی تقریب منعقد کرانے کیلئے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس سکول میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کیلئے 1.17 کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا ۔