گریز//ارشاد احمد//حالیہ برفباری کے باعث گریز بانڈی پورہ شاہراہ مسلسل بند رہنے سے گریز میں درجنوں بیمار افراد گریز سے باہر علاج معالجہ کیلئے سفر نہیں کرپارہے ہیں ۔گریز سے ملحقہ علاقہ کنزل ونہ اور تلیل سمیت دیگر علاقوں کی مقامی آبادی نے ریاستی سرکاراور ضلع انتظامیہ سے ان علاقوں سے ہیلی کاپٹر سروس چلانے کی مانگ کی ہے تاکہ مختلف بیماریوں میں مبتلاء مریضوں کو وقت پر طبی امداد اور طالب علموں کی مختلف امتحانات میں شمولیت ممکن ہوسکے۔گریز،کنزلہ ونہ،تلیل سمیت دیگر علاقوں کے مقامی شہریوں نے کشمیر عظمی سے رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں مختلف امراض میں مبتلا درجنوں مریضوں کو سرینگر اور سرینگر سے باہر مختلف اسپتالوں میں علاج معالجہ کے لئے جانا لازمی ہے چونکہ رواں سردیوں میں بھاری برفباری ہوئی جس وجہ سے گریز بانڈی پورہ شاہراہ مسلسل بند رہی جبکہ کئی طالب علم بھی مختلف امتحانات میں شامل ہونے کیلئے جانے سے محروم رہ گئے ہیں۔ ہماری مانگ ہے کہ ہیلی کاپٹر سروس چلائی جائے ۔گریز کے ساتھ ساتھ کنزلہ ون اور تلیل سے بھی یہ سروس شروع کی جائے۔