گریجویٹ سطح پرطلباء کوداخلہ نہ ملنے کاشاخسانہ

 جموں //جموں جوائنٹ سٹوڈنٹس فیڈریشن کی سینئر لیڈر شپ نے کارکنوں کو کلسٹر یونیورسٹی کے مختلف کالجوں میں طلاب کو داخلہ دلانے میں  جد و جہد کرنے پر مبارک باد دی ہے۔ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں فیڈریشن کے ریاستی نائب صدر اتُل سودن نے کہا کہ فیڈریشن طلاب کے حقوق حاصل کرنے کے لئے جد وجہد کرنے کے لئے وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال رواں کے تعلیمی سیشن کے دوران انڈر گریجویٹ سطح پر ہزاروں طلاب کو داخلہ سے محروم کر دیا گیا تھا ،جس کا جے جے ایس ایف نے سنجیدہ نوٹس لیا اور ان طلاب کو کلسٹر یونیورسٹی کے تحت مختلف کالجوں میں اوپن ایڈمشن کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے بینر تلے مہینہ بھر کی جد و جہد کے دوران فیڈریشن نے کلسٹر یونیورسٹیوں میں داخلہ دینے کے لئے بضد رہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ جے جے ایس ایف کی جد و جہد کے بعد کلسٹر یوینیورسٹی انتظامیہ مجبور ہو کر داخلہ سے محروم رہے طلاب سے ہاتھ سے لکھی ہوئی درخواستیں طلب کیں ،تاکہ ان طلاب کو داخلہ دیا جا سکے۔لیکن ری چیکنگ ککرنے والے کامیاب اُمید واروں کو داخلہ سے محروم رکھا گیا ،جس پر فیڈریشن نے کلسٹر یونیورسٹیوں میں احتجاج کیا ،جسکے بعد کلسٹر یونیورسٹی کے ڈین اور کالجوں کے پرنسپلوں نے یقین دلایا کہ انہوں نے طلاب کو داخلہ دینے کے لئے آخری موقعہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی نائب صدر دکشیش شرما نے طلاب سے20اگست تک متعلقہ کالجوں میں درخواست گُذاری کرنے کیلئے کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن طلاب کے حقوق کے لئے اپنی جد و جہد جاری رکھے گی۔ پریس کانفرنس میں سنیل شرما ،اتُل راجپوت وغیرہ نے بھی شرکت کی ۔