سرینگر//وادی کے اطراف و اکناف، خاص کر ضلع بڈگام میں فورسز کے ہاتھوںگرفتاریوں کے تازہ چکر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ ایک طرف ہمارے نوجوانوں کو ایک نہیں تو دوسرے بہانے تہہ تیغ کئے جانے کا عمل جاری ہے اور دوسری طرف اُنہیں ظلم و بر بریت کیخلاف آواز بلند کرنے کی پاداش میں سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جارہا ہے۔ پارٹی ترجمان نے ضلع بڈگام ، خاص کر اُومپورہ علاقے میں رات کی تاریکیوں میں ڈالے گئے چھاپوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان چھاپوں کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جس سے اُن کے والدین انتہائی فکر و تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ گرفتاریوں کا تازہ سلسلہ اُن آوازوں کو خاموش کرنے کیلئے شروع کیا گیا ہے جو انسانی حقوق کی بڑھتی پامالیوں کیخلاف بلند ہورہی ہیں۔ان جیسے اقدامات سے نوجوانوں کے جذبات مزید مجروح ہونے کا احتمال ہے جس کے ہمیشہ منفی اثرات ہی ہوتے ہیں۔ ان جیسے اقدامات سے صرف بھارت کا ظلم ویادتی اور دھوکہ دہی کی سیاست ہی چھلکتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ ان پامالیوں کی وجہ سے مظلوم عوام کو اشتعال ملتا ہے جس سے حالات میں مزید ابتری یقینی ہوتی ہے۔