سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سیاسی قائدین اور اراکین کی مسلسل اور لگاتار گرفتاریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ میں گرفتار کئے گئے درجنوں نوجوانوں اور سیاسی اراکین پر پی ایس اے کے نفاذ نے ثابت کردیا کہ حکام صرف دھونس دبائو اور ہراسان کرنے کے طریقوں سے واقف ہیں ۔ انہوں نے تحریک حریت سے وابستہ کنڈی خاص ہندوارہ کے عبدالحمید ماگرے کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے حکام اور پولیس عملے کے طریقہ کار کی شدید تنقید کی اور کہا کہ بھارتی انتظامیہ اور اس کے مقامی حاشیہ بردار ظلم و جبر کے ہتھکنڈے آزماکر عوامی مزاحمت کو توڑنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں ۔لبریشن فرنٹ نے گرفتاریوں اور شبانہ چھاپوں کے جاری سلسلے کو سیاسی انتقام گیری سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی قائدین و اراکین کے ساتھ پولیس اور فورسز مجرموں جیسا برتائو کررہی ہے ۔فرنٹ کے سینئر نائب چیئرمین عبدالحمید بٹ نے ایک بیان میںپارٹی کے زونل صدر نور محمد کلوال کے خلاف پولیس چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور فورسز کا جاری یہ طرز عمل ہر لحاظ سے غیر جمہوری ہے۔انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو پہلے ہی پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا جاچکا ہے اور انہیں کورٹ بلوال جیل جموں میں قید تنہائی میں ڈالکر ان کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی اراکین کے خلاف مجرم جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ لبریشن فرنٹ نے پولیس کے اس طرز عمل کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں اس سرکاری سرپرستی والی لاقانونیت اور جمہوریت کش اقدامات کا نوٹس لیں ۔مسلم لیگ کے چیئرمین مشتاق الاسلام نے قائدین و اراکین کی گرفتاریوں کو غیر ضروری طوالت دینے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتار کئے گئے مزاحمتی قائدین اور اراکین کوپیش عدالت بھی نہیں کیا جارہا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک ، جمعیت اہلحدیث کے نائب صدر مولانا مشتاق احمد ویری،جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹرعبدالحمید فیاض ،ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی ،تحریک حریت کے تعشوق احمد اور دیگر درجنوں قائدین و اراکین کا ذکر کرتے ہوئے کہا انہیں فرضی کیسوں میں ملوث قرار دیکر ان کی مدت قید کو طول دیا جارہا ہے ۔مشتاق اسلام نے نیوزی لینڈ میں 50سے زائد ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ سالویشن مومنٹ ترجمان نے گرفتاریوں کے چکر پر سخت تشویش اور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی سے وابستہ درجنوں اراکین کو گرفتار کرکے کپوارہ ،بارہمولہ اور سرینگر سینٹرل جیل منتقل کیا گیا اور ان کی رہائی میں اڑچنیں پیدا کی جارہی ہیں۔انہوں نے گرفتاریوں کے تازہ چکر کو حکام کی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہمارے عزائم متزلزل نہیں ہوں گے۔ترجمان نے نیوزی لینڈ میں دو مساجد میں ہوئی ہلاکتوں پر سخت ردعمل اور دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دلسوز واقعات انتہائی دہشت گردانہ ہیں۔