جموں //جے اینڈ کے بینک کے چیئرمین اور سی ای او پرویز احمد نے بدھ کے روز یہاں منعقدہ ایک پروگرام میںجے اینڈ کے گرامین بینک ملازمین کے لئے پنشن سکیم کا افتتاح کیا۔پروگرام میں جے اینڈ کے بینک کے ایگزیکٹو پریذیڈنٹ ایم کے چھبر، پریذیڈنٹ جے اینڈ کے بینک سنیل گپتا، چیئرمین جے اینڈ کے گرامین بینک جنک راج انگرال، جنرل منیجر جے کے گرامین بینک جتیندربھاردواج اور گرامین بینک کے محمد ایوب خان نے بھی شرکت کی۔ جے کے بینک کے چیئرمین پرویز احمد، جو کہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے ،نے گرامین بینک میں پنشن سکیم متعارف کرنے کے لئے جے اینڈ کے گرامین بینک برادری کو مبارک باد دی ۔انہوںنے بینک کے لئے تابناک مستقبل کی تمنا کا اظہار کیا،تاہم انہوں نے خبر دار کیا کہ سکیم ہذا لاگو کرنے سے بینک پر اضافی خرچہ آئے گا ،جس کے لئے ہر ایک بینک ملازم کو مزید تن دہی اور لگن سے کام کرنے کی ضررت ہوگی اور ہر ایک بینک ملازم کو بینک کی ترقی یقینی بنانے کے لئے کام کرنا ہوگا۔جے اینڈ کے گرامین بینک کے چیئر مین جنک راج انگرال نے اپنے خطاب میںجے اینڈ کے بینک کے چیئرمین اور سی ای او، دیگر معزز مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ’’جے اینڈ کے گرامین بینک ملازموں کے لئے پنشن سکیم لاگو کرنے کے ‘‘پروگرام میں شرکت کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہا کہ ملک بھر کے ریجنل رورل بینکوں نے یہ مطالبہ حل کرنے کے لئے کافی جد و جہد کی اور اسکے افتتاح سے کافی مسرت ہوئی ہے کیونکہ اس سے جے کے گرامین بینک کے ملازمین اور انکے کنبوں کو فائدہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پنشن سکیم لاگو کرنے سے بینک کے ملازمین میں ملازمت کے تئیں اطمینان پیدا ہوا ہے، جس سے بینک کی کارکردگی پر مناسب اثر پڑے گا۔ایگزیکٹو پریذیڈنٹ جے کے بینک نے اس موقعہ پر موجودگی کو اپنی خوش نصیبی قرار دیا اور کہا کہ اس سے گرامین بینک کے ملازمین میںزندگی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔تمام بینک ملازمین کو مبارک دیتے ہوئے انہوں نے بینک ملازمین سے بینک کے منافع میں اضافہ کرنے کے لئے سخت محنت کرنے پر زور دیا۔جے اینڈ کے بینک کے پریذیڈنٹ سنیل کمار نے اس موقعہ پر کہا کہ گرامین بینک ملازمین کے لئے یہ ایک تاریخی لمحہ ہے اور ملازمین کو بینک کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لئے انتھک محنت کرنی ہوگی۔جے کے گرامین بینک کے جی ایم (ROK)محمد ایوب خان نے کہا کہ پنشن ایک ملازم کے ریٹائر ہونے کے بعد اسکی سماجی زندگی میں وقار بحال ہونے کی ایک ضمانت ہے، اسلئے یہ گرامین بینک برادری کے لئے ایک بہت ہی خصوصی لمحہ ہے۔گرامین بینک کے ایچ او ڈی ( FIID,) وپن گپتا نے نظامت کے فرائض انجام دئے،جبکہ جے کے گرامین بینک کے جنرل منیجر (ایچ او) جیتندر بھاردواج نے گرامین بینک ملزموں کو مبارک باد دیتے ہوئے شکریہ کا ووٹ پیش کیا۔