گاندربل//گاندربل کی بیشتر سڑکو ں کی حالت ناگفتہ بہ بن چکی ہے جس کے نتیجے میں لوگوں میں ناراضگی اور غصہ پایا جارہا ہے۔ضلع میں کئی اہم رابطہ سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت پر عوام میں سخت غم و غصہ پایا جارہاہے۔دودھرہامہ سے سالورہ ڈیڑھ کلو میٹر رابطہ سڑک مکمل طور پر ناکارہ اور خستہ حالی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس پر پچھلے پانچ برسوں سے زائد عرصے سے مرمت نہیں کی گئی۔اسی طرح دودھرہامہ سے فتح پورہ گھاٹ سالورہ اور کجر رابطہ سڑک بھی کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے ۔دودھرہامہ کجر رابطہ سڑک پر کئی دیہات میں ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی رہائش پذیر ہے اور اس سڑک پر بڑے بڑے کھڈبن چکے ہیں اور اس سڑک پرسفر کرنا وبال جان بن چکا ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ سب ڈویژن گاندربل کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیوانجینئر سعید چستی نے کہا کہ فی الحال دو تین روز کے اندر مرمت ہورہی ہے ۔