گاندربل//نالہ سندھ کے کنارے قمریہ گراؤنڈ جو فی الوقت صرف33 کنال اراضی پر محیط ہے اور گزشتہ سال گراؤنڈ میںسپورٹس کونسل نے پویلین بنانے کا کام شروع کیا جبکہ جموں کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن نے جون 2019 کو کرکٹ کیلئے پچ کھودکر نیا سسٹم معرض وجود میں لانے کا عمل شروع کیا لیکن ایک سال ہونے کے باوجود بھی پویلین مکمل ہے نہ ہی نیا سسٹم (ٹریف)جس کے نتیجے میں کرکٹ کے شائقین میں ناراضگی اور غصہ پایا جارہا ہے۔کئی کھلاڑیوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ سال سے میدان کے بیچوں بیچ مٹی موجود ہے جسے دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میدان میں جگہ جگہ کھڈ بن چکے ہیں جس سے کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حال ہی میں گرائونڈمیں لائٹس نصب کی گئی ہیں جن سے کھلاڑی مستفید نہیں ہورہے ہیں۔اس سلسلے میں جموں کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے اعلیٰ حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کوڈ 19 کی وجہ سے کھیل کود کی سرگرمیاں بند ہیں تاہم اب 15 جولائی کو بی سی سی آئی کی میٹنگ ہورہی ہے جس میں مستقبل کا لائحہ عمل طے ہوگا۔