گاندربل//گاندربل کے مضافاتی علاقہ ززنہ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو نامعلوم افراد نے ایک باغ میںسیب کے درجنوں درخت کاٹ دئے اورباغ مالکان کو لاکھوں روپے کے نقصان سے دوچار کردیا۔گاندربل سے بارہ کلومیٹر کی دوری پر واقع ززنہ میں مشتاق احمد پرہ ولد غلام محی الدین اور جلال الدین پرہ ولد غلام محمد کے دو الگ الگ میوہ باغات میں نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی میں 20 سال سے زائد پرانے درجنوں پھل دارسیب کے درختوں کو کاٹ کر لاکھوں روپے کے نقصان سے دوچار کردیا۔اس واردات کے بعد علاقے کے باغ مالکان نے ضلع انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کارروائی میں ملوث افراد کو حراست میں لیکر اُن کے خلاف سخت کارروائی انجام دی جائے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا ہے۔