گاندربل//گاندربل ضلع میں رواں سال کے دوران اب تک524افراد کووِڈ- 19مثبت پائے گئے ،جن میںصرف گزشتہ بارہ دن کے دوران اس وائرس سے متاثرہ 360افرادسامنے آئے۔ضلع میں کورونا وائرس کاشکار بیماروں کیلئے 120بستروں کاانتظام کیا گیا ہے جس میں سے 50بستروں کاانتظام ضلع اسپتال میں،40بسترضلع میٹرنٹی اسپتال وائیل،جبکہ30بستروں کاانتظام میٹرنٹی اسپتال وتہ لار میں کیا گیاجبکہ ضلع انتظامیہ نے گورنمنٹ فزیکل ٹریننگ کالج گاڈورہ اورجواہر نودھیہ ودھیالیہ پیرپورہ میں ہنگامی قرنطین مراکز کے طور استعمال کرنے کی تیاریاں کی گئیں۔تاہم ضلع ہسپتال گاندربل میں ابھی آکسیجن پلانٹ مکمل ہونے میں ایک ماہ سے زیادہ عرصہ لگنے کا امکان بتایا جارہا ہے۔ضلع گاندربل میں محکمہ صحت کی جانب سے اگرچہ 120 بستروں کا انتظام کیا گیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق زمینی سطح پر صرف بستروں کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ کووِڈ- 19 مریضوں کی نگہداشت کے لئے درکار عملہ بالکل ہی میسر نہیں ہے اورضلع اسپتال میں موجود 12 وینٹی لیٹروں کے لئے درکار ماہر ٹیکنیشن بھی موجود نہیں ہیں۔ابھی تک حالات بہتر ہے تاہم اگر دوسری لہر کے بھیانک اثرات ادھر بھی مرتب ہوئے تو اس وقت کے لئے کسی قسم کی کوئی تیاری نہیں ہے۔اس وقت ڈسٹرکٹ ہسپتال میں آکسیجن کے بڑے 165 سلینڈرموجود ہیں جبکہ چھوٹے 147سلنڈربھی موجود ہیں ۔اس وقت روزانہ اوسط 30 سے 40 افرادکو، کووِڈ – 19 بیماری میںمثبت پایاجاتا ہیںجبکہ 12 افراد اس وقت بھی ہسپتال میں داخل ہیں تاہم ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے.اس دوران 75فیصدٹیکہ کاری مکمل کی گئی ہے۔سو فیصدی مکمل ہونے میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
کورونامعیاری عملیاتی ضابطوں کی خلاف ورزیوں پر 9شہری گرفتار | 992افراد سے122750روپے جرمانہ وصول
ارشاداحمد
گاندربل //پولیس نے کرونا وضوابط کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران وادی کے مختلف علاقوں میں9افراد کی گرفتاری عمل میں لائی،جبکہ قریب ایک ہزار افراد کو جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ12گاڑیوں کو بھی ضبط کیاگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ کشمیر میں کرونا معاملات کی تعداد میں حالیہ روزانہ اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے ، پولیس نے کرونا رہنما اصولوں پر عمل درآمد کی کوششوں میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 9 افراد کو گرفتار کیا ۔پولیس کے مطابق اس مدت میں4کیس بھی درج کئے گئے اور992افراد کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ان سے ایک لاکھ22ہزار750روپے کی رقم بطور جرمانہ وصول کیاگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران12گاڑیوں کو بھی کرونا سے متعلق رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کی پاداش میں ضبط کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کروناپر قابو پانے کے بارے میں عوام کو حساس کرنے کی اپنی مسلسل کوششوں میں ، کشمیر بھر میں متعدد عوامی آگاہی مہم ، بات چیت پروگرام ، ماسکوں کی تقسیم ، عوامی اعلانات اور پرچے تقسیم کرنے کا اہتمام کیا گیا۔اس دوران عوام سے ایک بار پھر عوام سے معیاری عملیاتی طریقہ کار پر عمل پیرا ہونے اور کرونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے انتظامیہ سے تعاون کرنے کی اپیل کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ حفاظتی اقدامات کو مستحکم کرنے کے لئے وادی کشمیر کے تمام اضلاع میں خصوصی مہم جاری رکھی جائے گی۔ادھربڈگام میں کووِڈ- 19کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پرچار ٹپراورایک ماروتی کار کوضبط کیا گیا۔پولیس کے مطابق بڈگام پولیس نے کووِڈ- 19کی روکتھام کیلئے نافذ کئے گئے36گھنٹوں کے کرفیوکی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں چار ٹپر اور ایک ماروتی کار کو ضبط کرکے ان کے خلاف کیس زیر نمبر61/2021درج کیا۔
کووِڈ- 19کی دوسری لہر کا مقابلہ | پاکستان نے بھارت کو امداد کی پیشکش کی
اسلام آباد//پاکستان نے کووِڈ- 19سے متاثر بھارت کو اس وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے ویٹی لیٹروں سمیت دیگر سازوسامان کی امداد فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے اورکہا ہے کہ دونوں ملک باہمی تعاون سے اس عالمگیر وباء سے درپیش مشکلات کاازالہ کرسکتے ہیں۔ سنیچرواردیررات کو پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان ایک بار ضابطے طے ہونے کے بعد فوری طور بھارت کو امداد بھیجنے کیلئے تیار ہے ۔بیان کے مطابق ،’’بھارت کے عوام کے ساتھ خیرسگالی کے جذبے کے تحت پاکستان نے بھارت کووینٹی لیٹروں سمیت بی آئی پیپ،ڈجٹل ایکس رے مشینیں،پی پی ای اوردیگر سازوسامان فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ دونوں ملکوں کے حکام امدادی سامان کی فوری فراہمی کیلئے ضابطے طے کرسکتے ہیں۔وہ مزید تعاون کیلئے ممکنہ راستے بھی کھوج سکتے ہیں تاکہ اس عالمگیر وباء سے درپیش مشکلات کا مقابلہ کیا جاسکے۔یہ پیش کش پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھارت کے لوگوں ،جو کوروناوائرس کی لہر کی زدمیں آچکے ہیں،کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرنے کے بعد کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ انسانیت کو درپیش اس مشکل کا دونوں ملک ایک ساتھ ملک کر مقابلہ کرسکتے ہیں۔ایک ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا،’’ہم ہمسایہ ملک کے کووِڈ سے متاثرہ لوگوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگوں ہیں ۔میں اپنی طرف سے بھارت کے لوگوں کے ساتھ اس خطرناک لہر کا مقابلہ کرنے کیلئے یکجہتی کااظہار کرتاہوں۔ہمیں انسانیت کو درپیش اس مشکل کا اکٹھے مقابلہ کرناچاہیے‘‘۔پاکستان کی متعدد شخصیات نے ٹوئٹر پربھارت کے عوام کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں یکجہتی اور ہمدردی کااظہار کیا۔