گا ندربل//گاندربل کے ضلع ترقیاتی کونسل ممبران نے چیئرپرسن اور نائب چیئرپرسن کی قیادت میں انہیں مبینہ طورنظرانداز کرنے کے خلاف اپنے دفاتر کوغیرمعینہ عرصہ کیلئے تالہ بند کیا ہے۔گاندربل میں ضلع ترقیاتی کونسل کے دفتر کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے چیئرپرسن نزہت اشفاق اور ان کے نائب بلال احمدنے کہا کہ حال ہی میں منعقد ہوئے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں ہم اپنے رائے دہندگان سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے وعدہ بند ہیں،لیکن موجودہ حکومت اور ضلع انتظامیہ ہمیں کسی خاطر میں نہیں لاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم منتخب توہوئے ہیں لیکن ہمارے پاس اختیارات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جتنے بھی ممبر منتخب ہوئے ہیںوہ اپنے علاقوں میں تعمیر ترقی کا کوئی کام نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک نہ ہمیں اختیارات تفویض کئے جاتے۔