کٹرہ//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے آج کٹرہ قصبے کا تفصیلی دورہ کیا ۔ اس دوران انہوں نے وہاںمختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔ مشیرنے سپریچول گروتھ سینٹر کٹرہ میں مختلف محکموں کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران قصبے سے جڑے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔مشیر موصوف کے ہمراہ فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال ، سی ای او شری ماتا ویشنودیوی شرائین بورڈ سمرن دیپ سنگھ اور ڈی سی ریاسی ڈاکٹر ساگر دتاترے ڈو فوڈ بھی تھے ۔دورے کے دوران مشیر موصوف نے سالڈ ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے پروجیکٹ میں حائل رُکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوںنے کہا کہ پلانٹ کے گرد و نواح میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جانی چاہیئے تاکہ ماحولیات کو بحال رکھا جاسکے ۔کے کے شرما نے آئی ایس بی ٹی کے لئے مجوزہ جگہ کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ میں روزگار کے کافی وسائل موجود ہیں ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ قصبے میں ٹرانسپورٹ کے جدید طریقوں کو متعارف کریں۔اس موقعہ پر مشیر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پردھان منتری آواس یوجنا جیسے پروجیکٹوں کے لئے اراضی کی نشاندہی کریں۔مشیر نے اس دوران پینے کے پانی کی سپلائی اور قصبے کو مزید جاذبِ نظر بنانے کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے سیاحوں کے لئے دستیاب سہولیات کو بھی زیر بحث لایا۔