نئی دہلی//نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے مطابق، تین طلبا نے میڈیکل کے داخلے کے امتحان NEET-UG میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے،، جس کے نتائج کا اعلان پیر کو کیا گیا ۔ تلنگانہ کی مرنل کٹیری، دہلی کے تنمے گپتا اور مہاراشٹر کی کارتیکا جی نائر نے مکمل نمبر حاصل کرتے ہوئے اول پوزیشن کا اشتراک کیا۔ان تینوں امیدواروں نے 720میں سے 720نمبرات حاصل کئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ تنمے گپتا بنیادی طور پر جموں کا رہنے والا ہے لیکن وہ دہلی میں زیر تعلیم رہنے کے علاوہ وہاں پر ہی کوچنگ وغیرہ کرتا تھا۔ امتحان کے دوران غیر منصفانہ طریقے استعمال کرتے ہوئے پندرہ امیدواروں کی نشاندہی کی گئی اور ان کا نتیجہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ NEET-UG کا امتحان 12 ستمبر کو منعقد ہوا تھا جس میں رجسٹرڈ امیدواروں میں سے 95 فیصد سے زیادہ نے میڈیکل داخلہ کے امتحان میں شرکت کی تھی۔اس سال قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ (NEET) کے لیے ریکارڈ 16.14 لاکھ امیدواروں نے اندراج کیا تھا۔