جموں//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے یہاں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران جموں میونسپل کارپوریشن سے متعلق ضروریات کا جائیزہ لیا اور کارپوریشن کو درپیش معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔میئر جموں میونسپل کارپوریشن( جے ایم سی) چندر موہن گپتا، فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال، کمشنر سیکرٹری محکمہ تمدن محمد سلیم ششگر، کمشنر جے ایم سی پنکج منگوترہ، ڈائریکٹر ٹورازم جموں او پی بھگت، ڈائریکٹر فائنانس مکانات و شہری ترقی شاہین محمد اشرف کے علاوہ دیگر سنیئر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔میئر اور دیگر افسروں سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ گورنر انتظامیہ نے ریاست میں انتخابات کامیابی کے ساتھ منعقد کئے اور اب متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست میں نئے میونسپل کارپوریشنوں کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔مشیر موصوف نے کہا کہ وہ کسی بھی طبقہ ہائے فکر کی تجاویز اور سفارشات کا خیر مقدم کریں گے تا کہ ریاستی عوام کی طرز زندگی میں بہتری لائی جاسکے۔دریں اثنا مئیر جے ایم سی نے مطالبات کی ایک یاداشت مشیر موصوف کو پیش کی جس میں جے ایم سی کی کلہم ترقی کے لئے رقومات کی واگذاری، منتخب شدہ کونسلروں کے حق میں مشاہرے میں اضافہ کرنے، جے ایم سی کی ازسر نو تشکیل، مختلف خالی اسامیوں کو پُر کرنے، نئے وارڈوں کے لئے فیلڈ عملے کی تعیناتی، تمام سٹریٹ ،لائٹس کو چالو کرنے، جے ایم سی میں تکنیکی و انجنیئرنگ عملے کی ڈیپوٹیشن میں شفافیت لانے جیسے معاملات شامل تھے۔میئر نے اس موقعہ پر مشیر موصوف کو جے ایم سی کی کارکردگی کے بارے میں جانکاری دی۔سٹریٹ لائٹس سے متعلق معاملات پر بات چیت کرتے ہوئے مشیر موصوف نے بجلی کے استعمال کو کم کرنے کے لئے بجلی کے بلبوں کی جگہ سولر سٹریٹ لائٹس نصب کرنے کی صلاح دی۔کارپوریشن میں خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے سے متعلق معاملے کے سلسلے میں مشیر موصوف نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے پر غور کریں اور ان خالی اسامیوں کو جلد پُر کرنے کے لئے اقدامات اُٹھائیں۔میئر نے آڈیٹوریم کے قیام اور مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے لیزر شو شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔مشیر موصوف نے ہیری ٹیج کے تحفظ میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تجربات سے افسروں کو روشناس کیا۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں ہیری ٹیج کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات اُٹھائیں۔شہر میں ٹریفک کے مسئلے کو کم کرنے کے لئے میئر نے ٹاؤن ہال، ایس ایم جی ایس ہسپتال، سُپر سپشلٹی ہسپتال کو بس سٹینڈ کے کثیر منزلہ پارکنگ کے ساتھ جوڑنے کی صلاح دی۔انہوں نے وکرم چوک کے نزدیک قائم ویئر ہاؤس کو مناسب جگہ پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔میئر نے مزید کہا کہ میونسپل وارڈوں میں صحت و صفائی کو یقینی بنانے کے لئے این جی اوز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
کیول کمار شرما نے جے ایم سی کی ضروریات کا جائزہ لیا
