نیویارک //امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں ریلوے مرکز میں ملازم کی فائرنگ کے نتیجے میں 9افراد ہلاک ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ سان فرانسسکو کے جنوب میں واقع شہر سان ہوزے کے پبلک ٹرانزٹ مینٹیننس یارڈ میں پیش آیا۔مذکورہ واقعے میں مشتبہ شخص بھی مارا گیا جبکہ دیگر کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔سانتا کلارا کاؤنٹی شیرف ڈپٹی رسل ڈیوس نے صحافیوں کو بتایا کہ کمپاؤنڈ میں دھماکا خیز آلات کی موجودگی کی اطلاعات کے بعد بم اسکواڈ تعینات کیا گیا تھا اور عمارت کے ہر کمرے اور جگہ کو کلیئر کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔تاہم اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تفصیلات نہیں مل سکیں کہ حملہ آور کو پولیس نے مارا یا اس نے خود اپنی جان لی یا اس نے کس قسم کا ہتھیار استعمال کیا تھا۔مقامی عہدیداران کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے رپورٹ ہوا اور جائے وقوع پر اس وقت یونین اجلاس کے لیے عملے کے 80 افراد موجود تھے۔واضح رہے کہ امریکا میں حالیہ عرصے میں شوٹنگ کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔