عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے دور دراز پہاڑی علاقے کیشوان کے ناگنی گڑھ میں جمعہ کی بعد پہر تقریباً 4بجے اچانک آنے والی شدید آندھی اور تیز طوفانی ہواؤں سے رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچایا جس کے باعث متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے آ گیا۔تفصیلات کے مطابق عزیز محمد ولد کا رہائشی مکان اس قدرتی آفت کا شکار ہوا۔ مقامی لوگوں نے بتایا بعد دوپہر موسم اچانک تبدیل ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے تیز ہوائیں چلنے لگیں، جن کے ساتھ گرد و غبار اور طوفانی ہواوں نے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تیز ہواؤں کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ مکان کی چھت اکھڑ گئی جبکہ دیواروں اور دیگر حصوں کو بھی نقصان پہنچا۔ عینی شاہدین کے مطابق آندھی کے دوران علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی اور لوگ گھروں سے باہر نکل کر محفوظ مقامات کی تلاش میں لگ گئے۔ متاثرہ مکان کے مکینوں نے کسی طرح خود کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جس کے باعث کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کا واقعہ پیش نہیں آیا، تاہم مالی نقصان کافی زیادہ بتایا جا رہا ہے۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان کا زیادہ تر گھریلو سامان بھی نقصان کا شکار ہوا ہے جس میں روزمرہ استعمال کی اشیاء، بستر، اور دیگر قیمتی سامان شامل ہیں۔ متاثرہ خاندان اس وقت سخت مشکلات سے دوچار ہے اور فوری امداد کا منتظر ہے۔علاقہ مکینوں نے ضلع انتظامیہ کشتواڑ محکمہ مال اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر موقع کا جائزہ لے کر نقصان کا تخمینہ لگایا جائے اور متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ، راشن اور رہائش کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ایسے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے علاقے میں پیشگی انتظامات اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ پہاڑی علاقوں میں موسم کی اچانک تبدیلی اور تیز ہواؤں کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی کو مالی و جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔