کیرن اور بڈنمل میں مفت سرمائی کوچنگ کرانے کی مانگ

کپوارہ//سرکاری سکولو ں میں سرمائی تعطیلات کے ساتھ ہی حکومت نے زیر تعلیم طلاب کے لئے مفت سرمائی کوچنگ کرنے کا انتظام کیا ہے جس کو عوام نے کافی سراہا لیکن شمالی ضلع کپوارہ کے حد متارکہ پر واقع کیرن اور بڈنمل کی آبادی نے بھی ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں میں بھی مفت سرمائی کو چنگ کا انتظام کیا جائے ۔کیرن اور بڈنمل کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ یہا ں کا شمار ان علاقوں میں کیا جاتا ہے جہا ں شرح خواندگی بہت کم ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ان علاقوں میں قائم سرکاری سکولو ں کی طرف کم توجہ دی جاتی ہے ۔کیرن علاقہ میں 23سرکاری سکول قائم ہیں جن میں ایک ہائر سکینڈری ،دو ہائی سکول ،21مڈل اور پرائمری سکول شامل ہیں اور ان میں 14سو کے قریب طلاب زیر تعلیم ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کیرن میں سرکاری سکولو ں کی ایک اچھی خاصی تعداد تو ہے لیکن ان میں بنیادی و ضروری سہولیات کی عدم فراہمی کا مسئلہ ہے ۔مقامی لوگو ں کا یہ بھی کہنا ہے کہ موسم سرما کے دوران سرمائی چھٹیو ں کی وجہ سے ان کے بچے گھر میں اپنی تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن سرکاری طور ان کی پڑھائی کا کوئی بھی انتظام نہیں ہے ۔کیرن اور بڈنمل کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کی اکثر یتی آبادی مشکل سے اپنی گزر بسر کر رہی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے بچو ں کو نجی تعلمی ادارو ں میں تعلیم دلوانے سے قاصر ہیں ۔کیرن اور بڈنمل میں سرمائی کوچنگ کے حوالہ سے جب چیف ایجو کیشن آفیسر کپوارہ سے رابطہ کیا گیا تو انہو ں نے فون نہیں اٹھایا ۔