واشنگٹن// فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے سابق ڈائریکٹر جیمز کومی کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد اس شبہے پر تحقیقات شروع کی تھیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ، روس کے لیے کام تو نہیں کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے جیمز کومی کو ہٹایا تو سیکیورٹی عہدیداروں کو صدر کے رویے پر تشویش ہوئی اور انہوں نے تحقیقات شروع کیں کہ آیا وہ روس کے لئے امریکی مفادات کے خلاف کام تو نہیں کر رہے ہیں۔ انٹیلی جنس ایجنسی کے تفتیش کاروں نے امریکی صدر ٹرمپ کے اقدامات کو قومی سلامتی کے لیے ممکنہ خطرے کے حوالے سے تفتیش کی۔ رپورٹ کے مطابق تفتیش کاروں نے اس بات کو بھی مدنظر رکھا کہ کہیں ٹرمپ جانتے بوجھتے روس کے لیے کام تو نہیں کررہے ہیں یا غیر ارادی طور پر ماسکو کے دباو کے اثر میں آگئے ہیں۔ ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر کومی کو عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر ٹرمپ کے خلاف ہونے والی تفتیش میں کریمنل پہلو کو بھی رکھا گیا تھا کیونکہ اس کو انصاف کے منافی سمجھا جا رہا تھا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تفتیش کاروں کو ٹرمپ کے حوالے سے شبہات اس وقت زیادہ بڑھ گئے جب 2016 میں انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کے روس سے تعلقات پر خبریں منظر پر آئیں۔ روس سے ٹرمپ کے مبینہ تعلقات کے حوالے سے کہا گیا کہ تفتیش کار غیر یقینی کا شکار تھے کہ اس حساس پہلو پر تفتیش کیسے شروع کی جائے۔