اننت ناگ (اسلام آباد )//شمشی پورہ ہوم شالی بگ میں فوج کی جانب سے کھیل کے میدان میں کیمپ قائم کر نے کی تیاری کے حوالے سے عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ و ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے اپنے حامیوں کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے احاطے میں احتجاج کیا ۔انجیئر رشید اپنے حامیوں کے ہمراہ ڈی سی آفس احاطے میں نمودار ہوئے اور فیصلہ کے خلاف احتجاج شروع کیا ۔اس موقعہ پر دیگر لوگوں نے بھی احتجاج میں شامل ہو کر فیصلہ کے خلاف نعرے بلند کئے ۔اس موقعہ پر انجینئر رشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ریاستی سرکار امن و قانون کے معاملات میں فوج کے کردارکو کم کرنے کا دعویٰ کررہی ہے لیکن دوسری جانب نئے کیمپ قائم کئے جارہے ہیں ۔رشید نے کہا کہ اگر چہ ہماری جنگ کشمیر کے تنازعہ کے حل کے لئے ہے لیکن سیکورٹی ایجنسیوں کو جنگل راج قائم کر نے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے ۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے احتجاجیوں سے بات کرتے ہو ئے کہا کہ کھیل کے میدان میں کیمپ قائم کر نے کے حوالے سے کام روک دیا گیا ہے اور علاقہ میں کوئی نیا کیمپ قائم نہیں ہو گا ۔یقین دہانی کے بعد احتجاجی پُرامن طور منتشر ہوئے ۔