عظمیٰ نیوز سروس
جموں//سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس (وائی ایس ایس) سرمد حفیظ نے اگلے سال گلمرگ میں منعقد ہونے والے چوتھے کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے جموں میں آفیسران کا ایک اجلاس طلب کیا ۔میٹنگ میں جموں و کشمیر اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی ٹیم کے افسران نے شرکت کی۔سرمد حفیظ نے گلمرگ کو عالمی سطح پر سرمائی کھیلوں کے اہم مقامات میں سے ایک کے طور پر تسلیم کرنے میں کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔سرمد حفیظ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے کھلاڑیوںکی کامیابیاں کھیلوں کے فروغ اور بہترین کارکردگی کے حوالے سے خطے کے عزم کا اظہار کرتی ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے کاموں کو مکمل کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے دوران رکھی گئی تمام سہولیات بین الاقوامی معیار پر پوری اتریں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے شائقین میں جوش و خروش پیدا کرنے کے لئے سرمائی کھیلوں کی تشہیری مہم کو تیز کیا جائے۔ایکتا ویشنوئی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایس اے آئی نے کہا کہ یہ کھیلوں کی بہترین کارکردگی اور کھلاڑیوں کے درمیان دوستی کے جذبے کو منانے کا موقع ہے اور جموں و کشمیر کی ثقافت اور دیگر حصوں کے لوگوں کے ساتھ گرمجوشی سے مہمان نوازی کا مظاہرہ کرنے کا موقع ہے۔ سکریٹری جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل، نزہت گل نے ٹیم کو بتایا کہ آزادی کا امرت مہااتسو کے تحت منعقدہ کھیلوں کے اقدامات کے لئے جموں و کشمیر ملک میں پہلے نمبر پر ہے اور جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی توانائی کو بہتر بنانے میں کھیلوں کے کردار کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی ۔اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ڈپٹی ڈائریکٹرس، سبانند مشرا اور سچن نے بتایا کہ کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کے اس ایڈیشن میں ملک بھر سے تقریباً 800 کھلاڑیوں اور عہدیداروں، معززین اور میڈیا کے افراد کی شرکت کی توقع ہے کیونکہ یہ مقام برف کی میزبانی کے لئے تیار کیا جا رہا ہے۔