کھیلو انڈیاسرمائی کھیل 21فروری سے تمام انتظامات مکمل :صوبائی کمشنر ، مختلف ریاستوں کے 4سو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے کل کہا کہ 21 فروری سے شروع ہونے والی کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے لئے تمام انتظامات کو مکمل کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب کشمیر میں برف باری بھی ہوئی ہے لہذا یہ گیمز 21 فروری سے باقاعدہ شروع ہوں گی۔ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران۱ نہوں نے کہاکہ پہلے یہاں سیاحتی مقامات و دیگر جگہوں پر بیت الخلا کا انتظام نہیں ہوتا تھا لیکن اب اس کمی کو بھی پورا کیا گیا ہے ۔ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے چوتھے ایڈیشن کا انعقاد شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں 21 فروری سے ہو رہا ہے ۔ کھیلوں کا یہ ایونٹ 26 فروری کو اختتام پذیر ہوگا۔سرکاری ذرائع کے مطابق امسال اس ایونٹ میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے قریب 4 سو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔بتادیں کہ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کا پہلا ایونٹ فروری اور مارچ سال 2020 میں لیہہ اور گلمرگ میں منعقد ہوا تھا۔