ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے انتظامات کا جائزہ لیا
بارہمولہ/عظمیٰ نیوزسروس/گالف کلب گلمرگ میں پیر کو ڈپٹی کمشنربارہ مولہ منگاشیرپا نے کھیلوں انڈیا قومی سرمائی کھیلوں کے چوتھے ایڈیشن کیلئے کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کھیلوں کے کامیاب انعقاد کیلئے کئے گئے انتظامات کی مجموعی تفاصیل حاصل کیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں کہ وہ ان کھیلوں کے کامیاب انعقادکیلئے تال میل کے ساتھ کام کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام انتظامات،جیسے طبی سہولیات،رہائشی انتظامات،صفائی ستھرائی ،ٹریفک بندوبست اوردیگرسہولیات کو پیشگی طے کرنے کی اہمیت کو اجاگرکیا۔منگانے قومی کھیلوں کے انعقاد کا سیاحت کے فروغ میں کلیدی رول کوبھی اجاگرکیا۔انہوں نے کھیلوں کو کامیابی سے منعقد کرنے کی ضرورت پرزوردیاکیوں کہ ان کے کامیاب انعقادسے سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگااورخطے کی اقتصادیات کو فروغ ملے گا۔ڈپٹی کمشنر نے گلمرگ کے ہوٹل مالکان سے بھی بات کی اور ان پر زوردیا کہ وہ کھلاڑیوں،تماشائیوں اورمہمانوں کیلئے قیام کے بندوبست کودستیاب رکھیں۔ہوٹل مالکان نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے مطالبات اورشکایات پر مبنی یاداشت بھی پیش کی۔