بانہال // سب ڈویژن بانہال کے مہو منگت، ترنہ، ترگام،اکڑال پوگل پرستان اور نرتھیال کے علاقوں میں ایک سے دو فٹ کے قریب تازہ برفباری ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہوئی ہے ۔ دو فٹ کے قریب تازہ برفباری کی وجہ سے بانہال سے قریب 30 کلومیٹر دور علاقہ مہو منگت میں معمول کی زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئی اور علاقے کو ملانے والی کھڑی مہو اور بانہال منگت کی رابطہ سڑکیں برفباری کی وجہ سے منقطع ہوگئی ہیں جبکہ علاقے میں بجلی کی سپلائی بھی پیر سے ہی بند ہے۔ مہو منگت، باوا، بزلہ، کاونہ اور ترگام کے لوگوں نے ضلع اور سب ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ مہو منگت اور ترگام کی مقامی سڑکوں سے برف کو جلد از جلد صاف کرنے کے اقدامات اٹھائے جائیں اور علاقے میں منقطع ہوئی بجلی سپلائی کو بحال کیا جائے۔