بانہال // بانہال کی تحصیل کھڑی میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں آڑپنچلہ مارکیٹ میں تین منزلہ رہائشی مکان ، شاپنگ کمپلیکس اور سرکاری راشن سٹور سمیت 28 دکانیں کروڑوں روپے کی مالیت کے مال و اسباب سمیت جل کر راکھ ہوگئے۔ فائر سروس سٹیشن 16 کلومیٹر دور بانہال میں ہونے کی وجہ سے جب تک آگ بجھانے والا عملہ پہنچ پاتا، کھڑی کی مرکزی مارکیٹ آگ کے شعلوں کی نذر ہوکر راکھ بن چکی تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ آگ بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ۔بانہال سے16 کلومیٹر دور اور ناچلانہ کے مقام پر جموں سرینگر شاہراہ سے 5 کلومیٹر دور کھڑی تحصیل ہیڈکوارٹر میں فائر اینڈ ایمر جنسی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں نے رضاکارانہ طور پر آگ بجھانے کی ناکام کوشش کی جس کے دوران کئی لوگ زخمی بھی ہوئے۔مقامی نوجوانوں نے جمعہ کی شب احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔ لوگوں کا کہناہے کہ وہ کھڑی میں فائرسروس سہولیات رکھنے کی مانگ پچھلی دو دہائیوں سے کر رہے ہیں مگر اب تک اس معمولی نوعیت کے عوامی مسئلے کی طرف حکام اور وقت کی سرکاروں نے کبھی بھی کوئی توجہ نہیں دی اور نتیجے کے طور پر ماضی کی طرح ایک بار پھر کھڑی مارکیٹ خاکسترہوگیا اور کروڑوں روپے مالیت کی املاک جل کر خاک ہوگئی۔ جونہی آگ کے شعلے مارکیٹ سے بلند ہوگئے تو متاثرین بے بسی سے فائر سروس کا انتظار کرتے رہے ، انکے کریانہ ، منیاری ، کاسمیٹکس ، کپڑے ، گارمنٹس ، فوٹو سٹیٹ ، کمپوٹر ، ہوٹل اور دیگر ڈھانچے ایک ایک کر کے آگ کی شعلوں کی نذرہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال اور رام بن سے کھڑی پہنچی فائر سروس گاڑیوں میں خرابی بھی تھی اور آگ بجھانے کے دوران پانی بھی ختم ہوگیا۔ لوگوں کا مطالبہ ہے کہ متاثرین کو بھرپور معاوضہ دیا جائے اور علاقے میں فائر سروس سہولیات بہم کرائی جائیں کیونکہ اس طرح کے واقعات روز ہورہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر رام بن ناظم زئی خان نے آتشزدگی سے متاثرہ مارکیٹ کا دورہ کیا اور وہاں عوامی وفود سے بات کی۔ لوگوں نے ان سے معاوضہ اور فائر سروس سٹیشن کی مانگ کی۔ ڈپٹی کمشنرنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ آگ کی اس افسوسناک وردات میں نقصانات سے دوچار ہوئے دکانداروں کی ہر ممکن مدد کیلئے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کو اپنی شفارشات لکھیں گے اور انشورنس رکھنے والے دکانداروں کے دستاویزی معاملات حل کروانے میں مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مطالبے کے مطابق کھڑی اور اْکڑال میں فائر ٹینڈرس کو دستیاب رکھنے کیلئے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے متعلقہ افسران سے خط و کتابت کی گئی ہے اوروہ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ کو بھی اپنی گذارشات پیش کرینگے تاکہ دونوں جگہوں پر آگ بجھانے والی گاڑیاں موجود رہ سکیں ۔
سجاد شاہین کا متاثرین سے اظہار ہمدردی
بانہال// نیشنل کانفرنس کے رہنما اور ضلع صدر رام بن سجاد شاہین نے بانہال حلقہ کی مین مارکیٹ کھڑی میں آتشزدگی کے واقعہ میں املاک کو ہونے والے نقصان پر غم کا اظہار کیا۔ آتشزدگی کا واقعہ 18 تا 19 ستمبر کی درمیانی رات کے دوران پیش آیا جس میں دو درجن سے زیادہ دکانیں اور کروڑوں مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔اپنے دورہ کے دوران متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شاہین نے انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ پر بھی زور دیا کہ وہ آتشزدگی کے واقعہ کے متاثرین کے لئے امداد اور بحالی کے اقدامات کریں۔