کھنڈرات نما سڑکوں سے عوامی حلقوں میں سخت ناراضگی

سرینگر//شہر سرینگر میں بیشتر سڑکوں کی حالت ٹھیک نہیں ہے۔شہر کی سڑکوں پر گاڑیوں کی بھرمار ہے لیکن خستہ حال سڑکوںکے سبب گاڑیوں کو چلانے میں کافی پریشانی ہو رہی ہے۔ سڑکوں پر جگہ جگہ گڈھے ہیںاور روزکوئی نہ کوئی حادثہ ہوتا رہتا ہے۔کشمیر عظمیٰ کو شہر کے مختلف علاقوں سے لوگ مسلسل شکایت کررہے ہیں کہ ان کے علاقوں میں سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہہ ہے اور ان کی تجدید و مرمت کے حوالے سے متعلقہ محکمہ خواب خرگوش میں ہے۔بائی پاس کے متصل ٹینگہ پورہ کی بیشتر اندرونی اور ذیلی سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ اور ناکارہ ہوگئی ہیں۔بارشیں ہونے کی صورت میں تالاب کی شکل اختیار اختیار کرتی ہیں جبکہ دھوپ میں گرد آلود ہونے سے دن بھر دھول اڑتی رہتی ہے جس سے علاقوں میں بیماریاں پیدا ہونے کا امکان موجود رہتا ہے۔ مقامی شہری الطاف احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گزشتہ سال پورے علاقے کی رابطہ سڑکوں کو کھود کر ڈرین کی تعمیر شروع ہوئی لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود بھی سڑکوں پر تارکول وغیرہ نہیں بچھایا گیا ۔لوگوںنے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقہ کی اندرونی رابطہ سڑکوں کی مرمت فوری طورکی جائے اسی طرح کی شکایت کرتے ہوئے نوہٹہ کے لوگوں نے بتایا کہ پائین شہر میں بیشتر مقامات پر سڑکوں کی حالت اس قدر خراب ہے کہ بارشوں کے دارون سڑکیں تالاب بن جاتی ہیں اور  سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے درسگاہ اور سکول جانے والے چھوٹے بچے اکثر زخمی ہوکر گھر وپس آجاتے ہیںکیوں کہ کھنڈرات نما سڑک پر چھوٹے بچوں کو چلنے پھر نے میں دشواریاں پیش آرہی ہیںجبکہ سڑک پر بنے گڑھوں میں بارشوں کا پانی جمع ہوجاتا ہے اور لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کرتا ہے ۔کاکہ سرائے کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ۔اْن کا کہنا تھا علاقہ کی سڑکیں معمولی بارشوں کے بعد ہی تالابوں کا منظر پیش کرنے لگتی ہیںجس کے نتیجے میں گاڑیوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کا عبور و مرور تقریباً نا ممکن بن جاتا ہے۔ بربر شاہ سے بابہ ڈیمب سڑک کا ایک پچھلے کئی برسوں سے خستہ پڑا ہے اوراس سڑک پر ٹریفک زیادہ ہونے کی صورت میں یہ سڑک کبھی بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔چھانہ پورہ اور نٹی پورہ میں سڑکیں انتہائی خستہ ہو چْکی ہیں ،جس کے سبب سڑکوں پر گہرے کھڈے بن گئے ہیں اور تباہ حال سڑکوں کی وجہ سے عوامی حلقوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ شہر خاص کے حول سے لیکر صورہ تک کے تین کلومیٹر لمبی سڑک پر جگہ جگہ کھڑوں کی موجودگی کی وجہ سے نہ صرف گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو پریشانی میں ڈال دیتا ہے بلکہ کھڈوں سے پیدا ہونے والی دھول کی وجہ سے کئی افراد بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ہیں ۔