منجا کوٹ //منجا کوٹ کے ککوڑہ علا قہ سے پیر محلہ گو گلی ناڑ سڑک کی تعمیر اور سروے کی تبدیلی کو لے کر مقامی لوگوں نے نیلی کے مقام پر احتجاج کرتے ہوئے جموں پونچھ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا ۔مظاہرین نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی اور ضلع انتظامیہ راجوری کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑک کی تعمیر کیلئے ایک سروئے کیا تھا لیکن سڑک کی تعمیر کے وقت مذکورہ محکمہ نے پہلے سے کئے گئے سروئے کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ نے ایک بڑی آبادی والے علا قہ کو نظر انداز کر دیا ہے جبکہ عام لوگوں کیساتھ ہو رہی نا انصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔احتجاج کے دوران تحصیلدار منجا کوٹ اور ایس ایچ ائو منجا کوٹ موقعہ پر پہنچے جنہوں نے مذکورہ معاملہ ضلع انتظامیہ کے نوٹس میں لاتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کیں کہ وہ اپنے کاغذات دکھائے ۔تحصیلدار منجا کوٹ نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وہ مذکورہ سڑک کو پہلے سے کئے گئے سروے اور عوامی مفاد کو ذہن میں رکھتے ہوئے نکالنے کیلئے حکم جاری کرینگے جس کے بعد لوگوں نے احتجاج ختم کر دیا ۔متعلقہ محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئر نے بتایا کہ وہ عوامی امنگوں کے مطابق ہی سڑک کی تعمیر شروع کرینگے ۔انہوں نے مزید کہاکہ اب کچھ وقت کیلئے انہوں نے کام بند رکھا ہو ا ہے ۔