سرینگر//کڑاکے کی ٹھنڈ کے باوجو د سرینگر کے معروف سنڈے مارکیٹ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے گرم ملبوسات اور دیگر سازوسامان کی خریداری کی۔ یخ بست ہوائوں کے بیچ شہر سرینگر کے مشہور سنڈے مارکیٹ میں غیر معمولی رش دیکھنے کو ملا جس کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد نے گرم ملبوسات کے ساتھ ساتھ دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری کی۔ عوامی رش کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سرینگر کے لالچوک، گھنٹہ گھر، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، اوت پولو گرونڈ کے علاوہ دیگر علاقوں کے بازاروں میں تل دھرنے کو جگہ نہیں تھی کیونکہ سڑکوں پر جگہ جگہ پر چھاپڑی فروشوںنے چھاپڑی لگائی تھی جن پر ملبوسات کے ساتھ ساتھ کھلونے کی چیزیں سجائی گئی تھیں۔ لالچوک میں لوگ صبح سے ہی خریداری کرنے میں مصروف رہے ۔سنڈے مارکیٹ میںلوگوں کی آمدصبح سے شروع ہو گئی اور لالچوک میں دن بھر لوگ خریداری میں مصروف دکھائی دئے۔سی این آئی کے مطابق چنانچہ دن گزرنے کیساتھ ساتھ شہر سرینگر کے بازاروں میں رش بڑھتا گیااورلوگ خریداری میں مصروف رہے جن میں خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی ،اشیائے ضروریہ اور خورد ونوش کی دیگر چیزوں کی خریداری میں مصروف تھے۔ بھاری رش کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملے جس کی وجہ سے لوگوں کو چلنے پھرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔اس دوران لوگوںنے ناجائز منافع خوروں کی طرف سے لوٹ کھسوٹ کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ چھوٹ کے نام پر لوٹ کا بازار گرم کیا گیا ۔