محمد تسکین
بانہال // جمعرات کی دوپہر بعد رامبن کے کرول علاقے میں پسیوں اور پتھروں کے گر آنے سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کئی گھنٹوں تک بند رہی تاہم شام قریب ساڑھے چھ بجے اسے دوبارہ بحال کیا گیا ہے ۔شاہراہ کے بند ہو جانے کیوجہ سے دونوں طرف کے ٹریفک میں سینکڑوں گاڑیوں کو کم از کم چار گھنٹوں تک درماندگی کا سامنا کرنا پڑا ۔شاہراہ کی جلد از جلد بحالی کی نگرانی کیلئے ڈپٹی کمشنر رامبن محمد الیاس خان اور ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے راجہ عادل حمید موقع پر موجود تھے ۔
ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رامبن میں کرول پل اور چندرکوٹ کے درمیان جمعرات کی دوپہر بعد قریب اڑھائی بجے بھاری پتھر اور ملبہ گرنے سے شاہراہ کی دونوں سڑکیں بند ہو گئی تھی جس کیوجہ سے جموں سے سرینگر قومی شاہراہ پر دونوں طرف کے ٹریفک کو روک دینا پڑا ۔ انہوں نے کہا پتھروں اور ملبہ کو شاہراہ سے صاف کرنے کیلئے نیشنل ہائے وے آتھارٹی آف انڈیا کی مشینری نے بحالی کا کام شروع کیا گیا اور کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد شام ساڑھے چھ بجے ٹریفک کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ۔ٹریفک پولیس اتظامیہ نے لوگوں کو ہدایت دی ہے کہ شاہراہ کی صورتحال کی جانکاری لینے کے بعد ہی شاہراہ پر سفر کریں۔ ٹریفک پولیس نے عوام سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور سفر سے قبل ٹریفک پولیس کے مستند سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ٹریفک کنٹرول یونٹس (TCUs) سے سڑک کی تازہ صورتحال معلوم کریں۔