سرینگر // محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی کے مطابق اگلے 12گھنٹوں کیلئے جموں کشمیر پر مغربی ہوائوں کا اثر کمزور رہے گا جس کے باعث چند مقامات پر ہلکی بارشیں اور بالائی علاقوں میں کچھ جگہوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔بالائی علاقوں میں خاص کر شمالی کشمیر اور گاندربل ضلع میں 3سے 6انچ برف پڑسکتی ہے۔ادھروادی میںسرد ہوائوں کا راج پھر سے شروع ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیا ت کے مطابق آج اور کل پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے جبکہ5اور 6 جنوری کو بیشتر مقامات پر بارشیں اور بھاری برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ادھرسنیچر کی شام وادی کے کچھ ایک بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں ۔کپوارہ کے بالائی علاقوں نستہ چھن گلی ، پھرکیاں ٹاپ ، شمس بری پہاڑی ، بنگس وادی ، ٹایا ، راگنی ، زیڈ گلی ، بڈنمل ، جمگنڈ میں شام 6بجے برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تک جاری تھا جبکہ میدانی علاقو ں میں بارشیں ہو رہی تھیں ۔ کیرن ، کپوارہ اور مژھل کی سڑکوں پر بھی شام تک 3سے4انچ برف جمع ہو چکی تھی ۔شام دیر گئے بارہمولہ ضلع میں بھی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ،جبکہ گلمرگ میں افروٹ ، گمری، کنگڈوری میںہلکی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔بانڈی پورہ کے رازدان ٹاپ پر بھی ہلکی برف باری ہوئی جبکہ گریز اور ضلع بانڈی پورہ کے کچھ ایک علاقوں میں ہلکی بارشیں ہونے کی اطلاعات ہے ۔سونہ مرگ اور زوجیلا میں بھی شام دیر گئے ہلکی برفباری کا آغاز ہوا۔ اس بیچ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وادی میں 2 اور 3جنوری کو موسم خراب رہ سکتا ہے اور بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری کا امکان ہے، تاہم 4 سے 6 جنوری تک بالائی علاقوں میں بھاری جبکہ میدانی علاقوں میں درمیانہ درجے کی برف باری متوقع ہے جس سے ہوائی و زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتا ہے۔ ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی نظر موسمی صورتحال پر ہے اور لوگوں کو وقت سے قبل ہی مکمل جانکاری فراہم کی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ بھاری برف باری کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ سمیت وادی کی دیگر شاہراہیں بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو سکتی ہیں ۔اس دوران محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔سرینگر میں 18دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 تھا۔گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 اورپہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لیہہ میں منفی15.0 ڈگری سل، کرگل میں منفی12.3 اور دراس میں منفی16.8 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔