اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں اتوار کی رات اور پیر کی سہ پہر قہر انگیز ژالہ باری سے فصلیں اور پھل مکمل طور تباہ ہو گئے جبکہ چند ایک سڑک رابطے بھی منقطع ہوگئے۔حد متارکہ پر واقع کیرن میں اتوار کی شام دیر گئے موسم نے اچانک کروٹ لی اور علاقہ میں طوفانی بارشو ں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے مقامی ندی نالو ں میں تغیانی آگئی جس کی وجہ سے منڈین جانے والے سڑک رابطے کو نقصان پہنچ چکا اور گائو ں کٹ کر رہ گیا ۔مزکورہ گائو ں میں بادل پھٹنے کی وجہ سے واٹر سپلائی سکیم کو بھی شدید نقصان پہنچ چکا ہے اور گائو ں پینے کے پانی سے محروم ہے ۔
علاقہ میں اس قدر ژالہ باری ہوئی کہ پورے علاقہ نے سفید چادر اوڑھ لی ۔کیرن کے پاترو علاقہ میں پیر کی سہ پہر تباہ کن ژالہ باری کے نتیجے میں فصلو ں کو شدید نقصان پہنچا ۔ ضلع کے راشن پورہ ،میلیال، سندر پورہ اوردرد پورہ علاقوں میں اتوار دوران شب قہر انگیز ژالہ باری ہوئی اور لوگ خوف کی وجہ سے اپنے ہی گھرو ں میں سہم کر رہ گئے ۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کیرن اور راشن پورہ کے لوگو ں نے بتایا کہ قہر انگیز ژالہ باری کی وجہ سے جہا ں کھڑی فصلو ں کو وہیں اخروٹ اور میو ہ باغات کو بھی زبردست نقصان پہنچا ۔راشن پورہ میں پیر کے روز بھی ژالہ باری ہوئی۔ پیر کی صبح جب لوگ جاگ گئے تو اپنے صحنو ں اور سڑکوں پر 6انچ تک اولے جمع تھے۔اس سے قبل ضلع کے لولاب کے ہرل ماور ،زچلڈار اور کرالہ پورہ علاقوں میں بھی قہر انگیز ژالہ باری نے تباہی مچا دی تھی ۔ضلع انتظامیہ نے پیر کے روز محکمہ مال ،آر اینڈ بی اور محکمہ زراعت کے عملے کو متحرک کیا اور نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے ٹیمیں تشکیل دی ۔ادھر پیر کی سہ پہر کو ضلع کے تارت پورہ ،درایل ،آلوسہ ، اور دیگر علاقوں میں اس وقت طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جب کسان دھان کی پنیری لگانے میں مصروف تھے ۔ان علاقوں میں ژالہ باری کی وجہ سے فصلو ں اور میوہ باغات کے ساتھ ساتھ سبزیو ں کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔