سرینگر//اپنی پارٹی کے ضلع کپواڑہ صدر راجہ منظور اور صوبائی سیکریٹری جاوید احمد مرچال نے کرناہ کپواڑہ کے سرحدی علاقوںمیں گولہ باری سے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کی مانگ کی ہے۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ 30اور 31دسمبر2020کی درمیانی شب کو ہوئی گولہ باری سے گاؤں سید پورہ میں 5مکانات اور کرناہ کے دنی گاؤں میں ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شلنگ سے نہ صرف املاک کو نقصان پہنچا بلکہ گاؤں کے مکینوں میں خوف ودہشت کا ماحول ہے جنہیں پختہ بینکروں کی عدم موجودگی میں جان کا خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع کے سرحدی علاقوں میں زیرِ زمین پختہ بینکر تعمیر کئے جائیں جن کا جموں وکشمیر کی متعلقہ حکومتوں اور مرکز نے بارہا یقین دہانیاں کرائی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملہ پر بار ہا یقین دہانیوں کے باوجود حکومت علاقہ میں کیمونٹی بینکرز تعمیر کرنے میں ناکام رہی ہے اور جہاں کہیں بنکرز تعمیر ہیں ، اُن میں سے 70مقامات پر تادم تاریخ متعلقہ ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں نہیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت کو چاہئے کہ جنگی بنیادوں پرکرناہ، کیرن، جمگنڈ، مژھل، نوا پورہ، اوڑی، گریز، پونچھ اور راجوری کے مکینوں کے لئے انفرادی بینکرز تعمیر کئے جائیں جہاں وہ شلنگ کے دوران پناہ لے سکیں۔انہوں نے انتظامیہ پرزور دیا کہ متاثرہ کنبہ جات کو ایکسگریشیا ریلیف فراہم کی جائے۔